news
English

بابراعظم نے حیدرآباد دکن کے گراؤنڈ اسٹاف کو شرٹ تحفے میں دے دی

پاکستانی کھلاڑیوں کے ہمراہ گرائونڈ اسٹاف کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔

بابراعظم نے حیدرآباد دکن کے گراؤنڈ اسٹاف کو شرٹ تحفے میں دے دی

آئی سی سی ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف شاندار فتح کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حیدرآباد دکن کے گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ گُھل مل گئے۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے ہمراہ تصاویر بنوائیں جبکہ کپتان بابراعظم نے اپنی جرسی بھی تحفے میں دی۔ 
آئی سی سی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ گزارے لمحات کی ویڈیو بھی شیئر کی جس کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔ 
گذشتہ روز راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد میں سری لنکا کیخلاف پاکستان نے ریکارڈ ساز جیت درج کی تھی، اس میچ میں آئی لینڈرز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں 345 رنز کا پہاڑ جیسا ٹارگٹ حاصل کرلیا، عبداللہ شفیق نے شاندار 113 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے اتنے بڑے ہدف کا حصول اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 14 اکتوبرکو احمد آباد میں کھیلے گی۔