news
English

بنگلہ دیش سے پی سی بی کی یکطرفہ محبت برقرار

بی سی بی کے مایوس کن رویہ کے باوجود کرکٹرزکوبی پی ایل میں شرکت کیلیے بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے

بنگلہ دیش سے پی سی بی کی یکطرفہ محبت برقرار تصویر: فائل

بنگلہ دیش کیساتھ پی سی بی کی یکطرفہ محبت برقرار ہے۔

بی سی بی کے مایوس کن رویہ کے باوجود کرکٹرزکوبی پی ایل میں شرکت کیلیے بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے،آل راؤنڈر عامر یامین بھی ڈھاکا روانہ ہوگئے، شاداب خان کو قائد اعظم ٹرافی فائنل کے بجائے لیگ میں شرکت کیلیے بھجوانے کے فیصلے سے ناردرن ٹیم کو بھاری نقصان ہوا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم نے جنوری، فروری میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے 3ٹی ٹوئنٹی اور2 ٹیسٹ میچ کھیلنا تھے، مسلسل ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے چند روز قبل بی سی بی کے صدر نظام الحسن نے طویل فارمیٹ کے میچ کھیلنے سے صاف انکار کرنے کیساتھ مختصر طرز کی کرکٹ کے مقابلوں کو بھی یہ کہہ کرمشکوک بنادیا کہ دستیابی ظاہر کرنے والے کرکٹرز پر مشتمل مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب ہوگئے توٹیم بھجوائیں گے۔

ماضی میں بھی بار بار وعدہ خلافی کرنے والے بی سی بی کا رویہ اس بار بھی مایوس کن ہے، دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے کرکٹرز کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے این او سی دینے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ڈھاکا روانہ ہونے والے آل راؤنڈر عامر یامین اس کی تازہ مثال ہیں۔

یاد رہے کہ محمد عامر، شعیب ملک، آصف علی، وہاب ریاض اور جنید خان سمیت پاکستان کے اسٹار کرکٹرز بی پی ایل میں شریک ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کو بہت زیادہ اہمیت دینے کا ڈھنڈورا پیٹنے والے پی سی بی نے شاداب کوبھی قائداعظم ٹرافی فائنل میں شرکت کا پابند کرنے کے بجائے بی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دیدی،ان کی ٹیم ناردرن کو سینٹرل پنجاب نے اننگز اور 16رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، ناردرن کو شاداب کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔