news
English

چوتھے روز کا کھیل ختم؛ پاکستان فتح سے صرف 3 وکٹوں کی دوری پر

آج صبح پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور بابر اعظم نے دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 395 رنز تھا

چوتھے روز کا کھیل ختم؛ پاکستان فتح سے صرف 3 وکٹوں کی دوری پر تصویر: پی سی بی

دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی نے سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو پچھاڑ کر رکھ دیا جس کے باعث کل آخری روز پاکستان کو فتح کے لیے صرف 3 وکٹیں درکار ہوں گی جب کہ سری لنکا کے ٹیل اینڈرز کو 264 رنز کے پہاڑ کو عبور کرنا ہوگا۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر 476 زنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے 7 کھلاڑی سوکھے پتوں کی طرح ٹوٹ کر بکھر گئے۔  اوشادہ فرنینڈو کی ناقابل شکست سینچری کے باوجود سری لنکا مجموعی طور پر صرف 212 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک جبکہ نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکن سائیڈ میں اوشادہ فرنینڈو کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بولرز کا سامنا نہیں کرسکا۔ پاکستان کے لیے واحد خطرہ اوشادہ فرنینڈو اب بھی 102 کے انفرادی رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

آج صبح پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور بابر اعظم نے دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 395 رنز تھا۔ اظہر علی 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ نبھانے محمد رضوان کو میدان میں اتارا گیا۔ بابر اعظم نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش شاٹس لگا کر اپنی ایک اور سنچری مکمل کی۔

بابر اعظم کی سینچری کے بعد پاکستان نے 555 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی اور جیت کے لیے سری لنکا کو 476 رنز کا ہدف دیا۔ اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ کم روشنی، بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث کسی نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔