news
English

بنگلہ دیش نے مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کر دیا

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ذریعہ باضابطہ طور پر اعلان کردہ اس فیصلے کا مقصد بنگلہ دیش کے اسپن بولنگ کے شعبے کو مضبوط بنانا ہے کیونکہ وہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں شیڈول آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی تیاری کررہے ہیں۔

بنگلہ دیش نے مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کر دیا

بنگلہ دیش نے پاکستان کے سابق لیگ اسپنر بولر مشتاق احمد کو اپنا نیا اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا۔ 
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے منگل کےروز جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مشتاق احمد اپریل کے آخر میں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کی کوچنگ شروع کریں گے۔ 
مشتاق احمد رواں سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے اختتام تک بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔  53 سالہ مشتاق احمد اس سے قبل پاکستان، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ رکھتے ہیں، بنگلہ دیش نے ورلڈکپ 2024 کی کنڈیشنز کے پیش نظر ان کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
مشتاق احمد نے 52 ٹیسٹ میچزمیں 32.97 کی اوسط سے 185 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہوں نے 144 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی جانب سے 161 وکٹیں بھی حاصل کیں، مشتاق احمد 1992 میں ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ 
مشتاق احمد نے بی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بطور اسپن بولنگ کوچ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میں ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لئے بہت پُرجوش ہوں۔ 
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کسی بھی مخالف کو شکست دے سکتی ہے کیونکہ ان کے پاس صلاحیت، وسائل اور ٹیلنٹ کی بہتات ہے، میں ان باصلاحیت کھلاڑیوں میں اس بات کا یقین پیدا کرنے کی کوشش کروں گا کہ انہیں ورلڈ کپ میں اپنے ہر حریف کو شکست دینی ہے۔،، 
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے مشتاق احمد کی بطور بولنگ کوچ تعیناتی کا اعلان سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا۔ 
جبکہ مشتاق احمد زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز سے قبل اسپن بولنگ کوچ کے طور پر بنگلہ دیشی ٹیم کو جوائن کریں گے اورمعاہدے کے مطابق رواں سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اختتام تک اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔  
انہوں نے بی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ  میں اپنے تجربے کو نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں تک پہنچانا چاہتا ہوں۔