بنگلہ دیشی شائقین نے گلوبل ٹی20 کینیڈا 2024 کے ایک میچ کے دوران شکیب الحسن کو فقرے بازی کا نشانہ بنایا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
بنگلہ دیش میں عوامی مظاہروں کے دوران خاموشی اختیار کرنے پربنگلہ دیشی شائقین سابق کپتان شکیب الحسن پر برس پڑے۔ حالیہ جی ٹی20 کینیڈا 2024 کے ایک میچ کے دوران، ایک مداح نے شکیب سے بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال کے بارے میں سوال کیا تاہم سابق کپتان نے اس پر کوئی جواب نہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن کینیڈا میں گلوبل ٹی 20 لیگ کھیلنے کے لیے موجود ہیں جہاں بنگلہ دیشی شائقین نے ان پر جملے کسے اور انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
تاہم آل راؤنڈر نے اس فقرے بازی پر کوئی جواب نہیں دیا اور خاموشی سے چل دیے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور اس پر صارفین ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور آج کل کینیڈیا کی جی ٹی 20 لیگ کا حصہ ہیں۔
بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف شروع ہونے والے پرتشدد مظاہرے ان کے ملک سے فرار ہونے کے بعد بھی جاری ہیں جبکہ سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو بھی صدر کے احکامات پر جیل سے رہائی مل گئی ہے۔
گزشتہ روز مشتعل مظاہرین نے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ کے گھر کو بھی آگ لگادی تھی، جو کھلنا ڈویژن سے رکن پارلیمنٹ ہیں، تاہم وہ اس سے قبل ہی اہلخانہ کے ہمراہ کسی محفوظ مقام پر منتقل ہوچکے تھے۔