بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے واضح الفاظ میں کہ دیا کہ پاکستان سے باہمی سیریز کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی
پاکستان سے مقابلوں کے معاملے میں بھارتی بورڈ نے ایک بار پھر گیند اپنی حکومت کے کورٹ میں ڈال دی۔
پاکستان اور بھارت کی سیاسی کشیدگی میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران کمی آئی ہے، گزشتہ دنوں یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ دونوں پڑوسی ملکوں میں باہمی مقابلوں کیلیے بھی راہ ہموار ہونے لگی اور رواں سال ٹی ٹوئنٹی سیریزکاامکان ہے،پی سی بی کو ممکنہ میچزکیلیے تیار رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی نے اس تاثر کو مسترد کر دیا تھا، بھارتی میڈیا میں بھی مسلسل یہ رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ فی الحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
گزشتہ روز بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے واضح الفاظ میں کہ دیا کہ پاکستان سے باہمی سیریز کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی،دونوں بورڈز میں اس حوالے سے کوئی رابطہ یا تبادلہ خیال نہیں ہوا۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ 10سال میں بھارتی بورڈ کا ایک ہی موقف رہا ہے کہ جب تک ہماری حکومت اجازت نہیں دیتی پاکستان کے ساتھ کوئی باہمی سیریز نہیں ہوسکتی۔
یاد رہے کہ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی سمیت بھارتی ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے، اس صورتحال میں کسی بھی باہمی سیریز کا امکان نظر نہیں آتا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ایونٹس میں تو آمنے سامنے ہوتی ہیں مگر باہمی سیریز کے معاملے میں جمود طاری ہے،آخری میچ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ 2019 میں ہوا تھا، باہمی سیریز میں آخری مرتبہ روایتی حریف 2012-13میں مقابل ہوئے تھے جب پاکستان ٹیم محدود اوورزکے میچز کھیلنے کیلیے بھارت گئی تھی۔