news
English

بی سی سی آئی کی سیکیورٹی کے حوالے سے بیان دینے پر پی سی بی پر جوابی تنقید

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے گزشتہ روز ایک بیان میں بھارت کو پاکستان کے مقابلے میں بڑا سیکیورٹی رسک قرار دیا تھا

بی سی سی آئی کی سیکیورٹی کے حوالے سے بیان دینے پر پی سی بی پر جوابی تنقید فوٹو: رائٹرز

انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر ماہیم ورما نے چیئرمین پی سی بی کے گزشتہ روز دیئے گئے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں انہوں نے بھارت کو سیکیورٹی رسک قرار دیا تھا۔ ماہیم ورما نے ایشین نیوز انٹرنیشنل کو بتایا ہے کہ پی سی بی کو پہلے اپنے ملک کی سیکیورٹی کی فکر کرنی چاہیے اور پہلے اس کے بارے میں سوچنا چاہیے۔۔ ہم اپنے ملک اور اس کی سیکیورٹی کو سنبھالنے کے اہل ہیں اور کسی کو اس کے بارے میں فکر نہیں کرنی چاہیے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اور عہدیدار آرون دھمل نے بھی احسان مانی کے بھارت میں سیکیورٹی صورتحال پر دیئے گئے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسا شخص جس کا زیادہ تر وقت لندن میں گزرتا ہے وہ بھارت کی سیکیورٹی پر کیسے بات کر سکتا ہے۔ ہندوستان ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے  آرون دھمل کا کہنا تھا کہ احسان مانی تو پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبصرہ کرنے کے اہل نہیں ہیں کیونکہ وہ تو زیادہ تر وہاں رہتے ہی نہیں ہیں، اگر وہ پاکستان میں زیادہ وقت گزاریں تو انہیں اصل صورتحال کا اندازہ ہوگا۔    

گزشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر پاکستان نے کامیابی کا جشن منایا تھا، پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی ہے جس پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے پیچھے انتھک محنت اور وابستگی کا عمل دخل ہے۔ ہم نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اگر کوئی کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آنا چاہتا تو اسے ثابت کرنا پڑے گا کہ پاکستان محفوظ نہیں ہے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے کامیاب انعقاد نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا انعقاد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے مقابلے میں بھارت ایک بڑا سیکیورٹی رسک ہے۔