news
English

کپتان بسمہ معروف جنوبی افریقہ کیخلاف چیمپئن شپ سیریز کیلئے پرجوش

کپتان بسمہ معروف نے اس امر کا اظہار نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا

کپتان بسمہ معروف جنوبی افریقہ کیخلاف چیمپئن شپ سیریز کیلئے پرجوش تصویر: پی سی بی

کراچی: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم  کی کپتان بسمعہ معروف نے کہاہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف آئی سی سی ویمنزچیمپئن شپ سیریز  کے لیے بہت ہرجوش  اور پر امید ہیں توقع ہے کہ اچھے نتائج پیش کرنے  میں کامیاب رہیں گے۔

کپتان بسمہ معروف نے اس امر کا اظہار نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، بسمعہ معروف نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز مں کامیابی سے اعتماد ملا ، نیشنل اسٹیڈیم پرتربیتی کیمپ میں  بھرپور پریکٹس کی،ہیڈ کوچ مارک کول نےبیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر بھرپور کام کیا،قومی ویمن کرکٹرز نے جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلیے بہت محنت کی ہے جب کہ اپنی خامیوں کو بھی دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

کپتان نے کہا کہ عالیہ ریاض اور ندا ڈار ہماری اچھی بلے باز ہیں، ڈیانا  بیگ کی انجری سے مسئلہ ہوا لیکن ان  کی جگہ شامل ہونے والی فاطمہ ثنا بھی  اچھی بولر اور ٹیم کا مستقبل ہیں، ایک سوال کے جواب میں قومی ویمن کپتان نے کہا کہ امام اقبال اچھے بیٹنگ  کوچ ہیں، انہوں نے کیمپ میں بیٹنگ لائن کو مضبوط کرنے میں کافی مدد کی،ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

بسمہ معروف نے کہا کہ ہمارے لیے چیمپئن شپ کے  پوائنٹس کافی اہم ہوں گے، جنوبی افریقہ کیخلاف پوائنٹس کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے،  ٹیم کی فٹنس پر ابھی کام کر رہے ہیں جو بتدریج بہتر ہوتی چلی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بریانی سے بھی پرہیز کر رہے ہیں، کھانے کےحوالے سے ڈائیٹ پروگرام موجود اور اس پر عمل بھی کر رہے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا پیس اٹیک اچھا ہے،  لیکن ہم مڈل  اوورز کا اچھا استعمال کر سکتے ہیں، ہماری مڈل آرڈر بیٹنگ بھی فارم میں ہے، بیٹنگ میں میرا رول بہت اہم  ہوگا،کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کروں۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم  پیر کو جوہانسبرگ روانہ ہورہی ہے، دورے کا آغاز 6 مئ کو 50 اوورز کے میچ سے ہوگا، سیریز میں  تین ون ڈےانٹرنیشنل اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔