بھارتی ٹیم مقررہ پندرہ اوورز میں 175 رنز کے تعاقب میں7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا سکی
ڈھاکا: پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی بلائنڈکرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو 62 رنز سے شکست دے دی۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق پاکستان تین ملکی ٹی ٹوئنٹی بلائنڈکرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپیئن بن گیا، فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 62 رنز سے شکست دی۔
تین ملکی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے ٹاس جیت پر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے کپتان نثار علی نے 69رنز کی ناقابل شکست شاندار اننگ کھیلی، جب کہ ظفر اقبال 24 بالز پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب اجے کمار نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کو مقررہ 15 اوورز میں جیت کے لیے 175 رنز درکار تھے، تاہم 175 کے تعاقب میں بھارت مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز ہی بنا سکا،اور پاکستان نے بھارت کو 62 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے ساجد نواز نے 2 اور کپتان نثار علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان بنگلہ دیش، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔