news
English

بورڈ نے ذاکر خان کو ایک بار پھر گھر بھیج دیا

اعلیٰ حکام سے تلخ کلامی مہنگی پڑ گئی، ذاکر خان عہدے سے فارغ، ندیم خان اکیڈمی کے سربراہ مقرر۔

بورڈ نے ذاکر خان کو ایک بار پھر گھر بھیج دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے اعلیٰ حکام سے تلخ کلامی مہنگی پڑ گئی جس کے نتیجے میں ذاکر خان کو ایک بار پھر گھر بھیج دیا گیا۔ 
ذاکر خان اپریل میں 60 برس کی عمر ہونے پر پی سی بی سے ریٹائر ہو گئے تھے، اس وقت ان کا عہدہ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کا تھا، تاہم فورا ہی ایک مختصر معاہدے پر ان کی خدمات دوبارہ حاصل کر لی گئیں، کوئی بھی بورڈ کا سربراہ آتا تو وہ ایک سابق کپتان سے ذاکر کی قربت کے سبب انھیں کام جاری رکھنے دیتا، چند ماہ قبل انھیں کنسلٹنٹ اسپیشل پروجیکٹس کا معاہدہ دیا گیا۔ یہ وہ شعبہ ہے جہاں کوئی کام نہیں ہوتا اور فارغ آفیشلز کو بے روزگار کرنے کے بجائے وہاں ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے، ذاکر خان کو کچھ عرصے پہلے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ کا اضافی چارج دیا گیا تھا مگر بڑھتی عمر میں ان کے کام سے حکام مطمئن نہیں تھے۔ 
ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں ان کی اعلیٰ شخصیات سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی،یہ حرکت بورڈ کو ایک آنکھ نہ بھائی اور ذاکر خان کو فورا فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 
ان کا معاہدہ نومبر تک کا تھا مگر گذشتہ دنوں  پیغام پہنچا دیا گیا کہ بورڈ آپ کے کام سے مطمئن نہیں ہے لہذا اب دفتر آنے کی ضرورت نہیں، ذاکر خان کی جگہ اکیڈمی کا اضافی چارج ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ندیم خان کو سونپ دیا گیا۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پی سی بی کے ترجمان نے ذاکر خان کا معاہدہ ختم کیے جانے اور ندیم خان کو اکیڈمی میں ذمہ داری سونپنے کی تصدیق کر دی، البتہ انھوں نے معاملے پر مزید اظہار خیال سے گریز کیا۔ 
ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں حال ہی میں بعض دیگر پوزیشنز پر تبادلے بھی کیے گئے ہیں۔