news
English

بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں! تقرروتبادلوں کی تیاریاں مکمل  

6 سینئر سرکاری افسران کی خدمات پی سی بی کے سپرد کردی گئیں ۔

بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں! تقرروتبادلوں کی تیاریاں مکمل  

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بڑے پیمانے پر آپریشن کلین اَپ کے آغاز اور تقرر و تبادلوں کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق 6 سینئر سرکاری افسران کی خدمات پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سپرد کردی گئیں، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو پنجاب سہیل اشرف، ایس پی زین عاصم، ایس پی ارتضی کمیل، ڈپٹی کمشنر جھنگ عبداللہ خرم نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن رفیع اللہ اور محمد عثمان باجوہ پی سی بی کےامور چلائیں گے جبکہ چئیرمین تمام افسران کی بورڈ میں خدمات کا تعین کریں گے۔ 
ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لئے پی سی بی کے آئین میں تبدیلی کی جائے گی، سہیل اشرف کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر کا عہدہ ختم کردیا جائے گا۔ اس وقت یہ عہدہ سلمان نصیر کے پاس ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ خرم نیازی کو ڈومیسٹک کرکٹ کی باگ ڈور سونپی جائے گی جبکہ رفیع اللہ ڈائریکٹر میڈیا کے فرائض نبھائیں گے۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور ٹیم مینجمنٹ سمیت دیگر تبدیلیاں کی جائیں گی۔  
ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی سی بی قواعد کے تحت چیف آپریٹنگ آفیسر، ڈائریکٹر یا ملازم کو ایک ماہ کے نوٹس پر فارغ کیا جا سکتا ہے۔ ڈیپوٹیشن پر سرکاری افسران کی بورڈ میں فی الحال 2 سال کے لئے تقرریاں کی جارہی ہیں جن ميں توسیع ممکن ہے۔