news
English

بنگلہ دیش کے غیرملکی کوچزکا دورہ پاکستان سے انکار

ہیڈ کوچ ڈومینگو اور ویٹوری بھی شامل، بھارتی اینالسٹ بھی نہیں جائیں گے

بنگلہ دیش کے غیرملکی کوچزکا دورہ پاکستان سے انکار فوٹو: اے ایف پی

سیریز کیلیے پاکستان نہیں جائیں گے بنگلہ دیشی ٹیم کے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف نے بورڈ کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔

جنوبی افریقی ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو، معاونین چارل لینگویلڈٹ، نیل میکینزی، ریان کک،جولین کیلفاٹو اور نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری نے قبل ازوقت ہی بی سی بی کو اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کوآئندہ سال فروری میں 2ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلیے پاکستان آنا ہے، ٹور کا فیصلہ سیکیورٹی کلیئرنس ملنے پر ہی ہوگا، مثبت بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش کی قومی ویمنز اور انڈر 16 بوائز ٹیمیں اس وقت پاکستان میں موجود ہیں۔ اس کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ مینز ٹیم بھی بھجوانے کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی میڈیا میں یہ خبریں گردش میں ہیں کہ ٹیم نے آئندہ سال پاکستان کا دورہ کیا تو غیر ملکی کوچنگ اسٹاف ہمراہ نہیں ہوگا، ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو، پیس بولنگ کوچ چارل لینگویلڈٹ، بیٹنگ کنسلٹنٹ نیل میکینزی،فیلڈنگ کوچ ریان کک، فزیو تھراپسٹ جولین کیلفاٹو اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈینیئل ویٹوری نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ دورہ پاکستان کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

اس صورتحال میں غالب امکان یہی ہے کہ غیر ملکی کوچنگ اسٹاف ٹیم کے ہمراہ نہیں ہوگا، اینالسٹ شری نواس چندرا سری کانت کا تعلق بھارت سے ہے، ان کا بھی ٹیم کے ساتھ آنا ممکن نہیں ہوگا، ابھی تک صرف اسٹرینتھ اور کنڈیشننگ کوچ ماریو ولاوریان نے رضا مندی ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستان جانے کیلیے تیار ہیں۔

بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوچنگ اسٹاف کے ساتھ اس حوالے سے رسمی گفتگو نہیں ہوئی، بات ہونے پر ہی اصل صورتحال سے آگاہ کرسکیں گے۔