news
English

میلبرن ٹیسٹ: رضوان کا متنازع آؤٹ سوشل میڈیا پر زیر بحث آگیا  

آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا جبکہ تھرڈ امپائر نے فیلڈنگ سائیڈ کے حق میں فیصلہ سنایا۔

میلبرن ٹیسٹ: رضوان کا متنازع آؤٹ سوشل میڈیا پر زیر بحث آگیا  

میلبرن ٹیسٹ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا متنازع آؤٹ سوشل میڈیا پر زیر بحث آگیا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر میلبرن ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پیٹ کمنز کی گیند پر محمد رضوان کے آؤٹ ہونے پر سوشل میڈیا پر تھرڈ امپائر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 
پیٹ کمنز کی گیند پر دیکھا جاسکتا ہے کہ رضوان نے بال پر جھکنے کی کوشش کی تاہم بال گلووز کے اسٹریپ کو لگتی ہوئی وکٹ کیپر ایلکس کیری کے پاس گئی، اپیل کرنے پر آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ قرار نہ دیا تاہم ریویو طلب کرنے پر تھرڈ امپائر نے فیلڈنگ سائیڈ کے حق میں فیصلہ سنایا۔ 
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ری پلے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسنیکو میٹر اور ہاٹ اسپاٹ پر واضح طور پر کوئی نشان نظر نہیں آرہا تو رضوان کو آؤٹ کیوں قرار دیا گیا۔؟  
خیال رہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر گیند بلےباز کے دستانے کو چھوتی ہوئی فیلڈر کے ہاتھ میں جاتی ہے تو اسے آؤٹ قرار دیا جاتا ہے۔ 
پاکستان کو میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 79 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔