news
English

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو شکست، کرکٹ برادری کا ردعمل

پاکستان اپنا اگلا میچ 11 جون کو نیویارک میں کینیڈا کے خلاف کھیلے گا۔

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو شکست، کرکٹ برادری کا ردعمل

ممتاز کرکٹ مبصر ہرشا بھوگلے نے آخری اوورز میں غیر معمولی کارکردگی کے لیے ہندوستانی گیند بازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "ناقابل یقین نتیجہ۔ وہ آخر میں اعلیٰ درجے کی گیند بازی تھی۔ یہ میچ ختم ہو گیا تھا۔ گیند بازوں نے اسے واپس بھارت کے پلڑے میں ڈال دیا۔" 
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے پچ کے چیلنجنگ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "کبھی کبھی واقعی خراب پچ بہترین کھیل پیش کرتی ہے، یہ ان میں سے ایک تھا۔ پاکستان کو یقین نہیں آتا کہ وہ جیت سکتے ہیں حالانکہ یہ میچ اتنا ہی آسان تھا۔" 
پاکستان کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کرکٹر سعید اجمل نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ "پاکستان نے مایوس کن انداز میں اختتام کیا، باؤلنگ لائن اپ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن بیٹنگ سائیڈ نے مجموعی طور پر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان میچ جیت سکتا تھا، لیکن وہ اسے اچھی طرح سے ختم نہیں کرسکے۔" 
ایک اور پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے کھوئے ہوئے مواقع کے جذبات کی بازگشت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ "آج رات کے نتیجے سے واقعی مایوسی ہوئی۔ اس پچ پر 120 رنز کا پیچھا کرنا چاہیے تھا۔ بہت زیادہ ڈاٹ بالز اور غیر ضروری دباؤ پیدا ہوا۔"
اپنے خیالات کو شامل کرتے ہوئے، سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے پاکستانی شائقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ "تمام ایماندار پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے۔ آپ کی ٹیم نے اس کھیل میں کئی شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بس فنش لائن تک نہیں جا سکا۔ بیٹنگ اس بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ ہمیشہ پریشانی ہوتی ہے۔"
دوسری جانب بھارت کے خلاف پاکستان کو میچ جتوانے کی کوشش کرنے والے نسیم شاہ شکست کے بعد میدان میں رو پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ 
ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں گزشتہ روز پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکی۔ 
قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ اوپنر محمد رضوان سب سے زیادہ 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 
میچ کے آخری اوور میں نسیم شاہ نے 4 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز بنائے تاہم ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ٹیم کو فتح نہ دلوانے پر نسیم شاہ میدان میں ہی رو پڑے جبکہ ساتھی کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی نے ان کو دلاسہ دیا جبکہ بھارتی کھلاڑی بھی نسیم شاہ کا کاندھا تھپتھپاتے نظر آئے۔ 
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے نسیم شاہ کی تعریف کی اور بولنگ کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹنگ کی کارکردگی کو بھی خوب سراہا۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا اگلا میچ 11 جون کو نیویارک میں کینیڈا کے خلاف کھیلے گا۔