news
English

آئی ایل ٹی20، شاہین آفریدی آتے ہی چھا گئے، 3 وکٹیں اڑا دیں

پاکستانی پیسر شاہین آفریدی اور محمد عامرکے 1242 دنوں کے بعد دوبارہ اکٹھے ہونے پر کرکٹ کے شائقین فاسٹ بولرز کی جوڑی کو ایک ہی ٹیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھ کر خوب لطف اندوز ہوئے۔

آئی ایل ٹی20، شاہین آفریدی آتے ہی چھا گئے، 3 وکٹیں اڑا دیں

آئی ایل ٹی20 میں ڈیزرٹ وائپرز نے گلف جائنٹس کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 161رنز کا ہدف 8بولز قبل 4 وکٹوں پر حاصل کیا۔ 
اعظم خان26 اور شرفین ردرفورڈ 20رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، وانندو ہسارنگا 42 اور ایڈم ہوز 39 رنز بنانے میں کامیاب رہے، رچرڈ گلیسن اور ڈومینک ڈریکس نے 2 ،2 وکٹیں لیں۔ 
قبل ازیں، ناکام سائیڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔ کرس لین نے 63 رنز کی یادگاراننگز کھیلی۔
قومی ٹیم کے پیسر شاہین شاہ آفریدی آتے ہی چھا گئے اور 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرلیں، محمد عامر نے ایک شکار کیا، شاداب خان 40 رنز دینے کے باوجود وکٹ لینے سے محروم رہے۔ 
پاکستانی بولرز کی تیز رفتار جوڑی کو میچ میں حاوی ہوتا دیکھ کر کرکٹ برادری نے زبردست رد عمل کا مظاہرہ کیا۔ 
شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر 1242 دنوں کے بعد کسی میدان میں دوبارہ اکٹھے ہوئے، کرکٹ کے شائقین فاسٹ بولرز کی اس متحرک جوڑی کو ایک ہی ٹیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھ کر خوب لطف اندوز ہوئے۔ 
آئی ایل ٹی 20میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بلے بازوں کو زبردست اسپیل میں آؤٹ کیا۔ انہوں نے اپنا چار اوور کا کوٹہ 22 رنز کے عوض تین وکٹوں کے ساتھ پورا کیا اور میدان میں حاوی نظر آئے۔