news
English

این سی او سی کا پی ایس ایل میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

اسٹیڈیم کی گنجائش کے مطابق شائقین کی اجازت ہوگی، فیصلہ

این سی او سی کا پی ایس ایل میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ فوٹو: اے ایف پی

پی ایس ایل میں شائقین کی دلچسپی بڑھنے لگی، گذشتہ روزکراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا،اس بار ایکریڈیشن کارڈ رکھنے والے صحافیوں سمیت دیگر سے شناختی کارڈ طلب نہیں کیے گئے۔

اہلکاروں کے رویے میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی، کراچی کنگز کی اننگز کے دوسرے اوور میں فہیم اشرف کی تیز رفتار گیند شرجیل خان کے ہیلمٹ پر لگی، کراچی کنگز نے پی ایس ایل 6 کا سب سے بڑا اسکور 196 بنایا تو آواز آئی ’’لیگ نے دوڑنا شروع کر دیا‘‘، شرجیل خان نے ایونٹ کی پہلی سنچری بنائی تو ایک تماشائی نے جملہ کسا کہ ’’پہلوان جی کمال کر دیا‘‘۔دوسری جانب پی ایس ایل 6کے میچز میں شائقین کی تعداد 20 فیصد سے 50 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا، فیصلے کا نفاذ15 مارچ سے ہوگا، این سی او سی کے مطابق  اسٹیڈیم کی گنجائش کے مطابق شائقین کی اجازت ہوگی۔فیصلے سے کراچی کے شائقین کرکٹ مستفید نہ ہو سکیں گے۔

البتہ28 ہزار نشستوں والے  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 14 ہزار تماشائی میچز سے لطف اندوز ہوں گے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ شائقین کیلیے یہ ایک اچھی خبر ہے مگر اب ایس او پیز پر زیادہ سختی سے عمل کرنا ہوگا،تماشائی ہر حال میں ماسک کا استعمال کریں۔