news
English

تربیتی کیمپ میں نہیں بلایا، سوشل میڈیا پر دھانی کے گلے شکوے

قومی ٹیم کا یہ تربیتی کیمپ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

تربیتی کیمپ میں نہیں بلایا، سوشل میڈیا پر دھانی کے گلے شکوے

نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں نہ بلانے پر شاہنواز دھانی کے سوشل میڈیا پر گلے شکوے شروع ہوگئے۔  
دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہنواز دھانی نے تربیتی سیشن کے لیے منتخب کھلاڑیوں کے گروپ میں شامل نہ ہونے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف گریشن شرٹس کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل فٹنس کیمپ سے باہر ہونے پر شاہنواز دھانی نے اظہارِ خیال کردیا۔
فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مجھے کیمپ میں شامل نہ ہونے کا کوئی افسوس نہیں، کیونکہ میں اس کیمپ کے بعد بھی سب سے فٹ بالر رہوں گا"۔ 
یاد رہے کہ بلیک کیپس 14 اپریل کو اسلام آباد میں اتریں گی اور 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ اس سیریز کے مزیددو میچز25 اور 27 اپریل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کے روز آئندہ فٹنس کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کا اعلان کیا جو 26 مارچ سے کاکول میں آرمی بیس پر شروع ہوگا۔ 
یہ کیمپ گرین شرٹس کی نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
 
تربیتی کیمپ کے لیے منتخب ہونے والے 29 کھلاڑیوں کی فہرست درج ذیل ہے: 
بابراعظم، محمدرضوان، صائم ایوب، فخرزمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعودشکیل، عثمان خان، محمدحارث، سلمان علی آغا، اعظم خان، افتخاراحمد، عرفان خان نیازی، شاداب خان، عمادوسیم، اسامہ میر، محمدنواز، مہران ممتاز، ابراراحمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمدعباس آفریدی، حسن علی، محمدعلی، زمان خان، محمد وسیم جونیئر، عامر جمال، حارث رؤف اورمحمدعامر۔