news
English

کیا عامر جمال نے اپنے پیغام میں بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا؟

چیزیں ہمیشہ وہی نہیں ہوتیں جیسی وہ نظر آتی ہیں، پہلی ظاہری صورت بہت سے لوگوں کو دھوکہ دیتی ہے۔ عامر جمال کا سوشل میڈیا پر معنی خیز پیغام

کیا عامر جمال نے اپنے پیغام میں بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا؟

قومی کرکٹر عامر جمال نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف شیڈول سیریز کے لیے منتخب ہونے والے ٹی 20 اسکواڈ سے نظر انداز کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک مبہم پیغام پوسٹ کیا ہے۔ 
منگل کےروز انسٹاگرام پر انہوں نے برطانیہ میں جاری انگلش کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں اپنی بلے بازی کی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی، جو وارکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک میچ کا کلپ ہے، جہاں وہ اپنی پہلی اننگز میں 40 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ 
ویڈیو کے ساتھ ایک معنی خیزی سے بھرا کیپشن لکھا گیا تھا کہ چیزیں ہمیشہ وہی نہیں ہوتیں جیسی وہ نظر آتی ہیں۔ پہلی ظاہری شکل بہت سے لوگوں کو دھوکہ دیتی ہے۔،، اس کے بعد منہ پر انگلی رکھ کر چپ ہوجانے کا اشارہ دینے والا ایموجی بنایاگیاتھا۔ جس سے کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ یہ معنی خیز پیغام کسی کے لیے کوئی خفیہ اشارہ ہے یا عامر جمال نے علامتی انداز اختیار کرتے ہوئے کسی خاص شخص کو تنقید کا نشانہ بنایاہے۔ 
اس سے قبل ٹیسٹ میچوں میں عامر جمال کی قابل ستائش کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے، بابراعظم نے آل راؤنڈر کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ تجربہ اور میچز حاصل کرنے کی ضرورت کی نشاندہی کی تھی۔  
قومی ٹیم کی آئرلینڈ روانگی سے قبل پریس بریفنگ میں، کپتان بابراعظم نے ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ کے درمیان واضح فرق کرتے ہوئے اس مسئلے پر توجہ دی۔ اور ٹیسٹ میچوں میں عامرجمال کی قابل ستائش کارکردگی کو تسلیم کرتے ہوئے، انہوں نے جمال کے لیے ٹی 20 فارمیٹ کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مزید تجربہ اور میچز حاصل کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ عامر جمال کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی کا ٹی 20 سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ایک بہترین آل راؤنڈر ہیں لیکن جس جگہ وہ بیٹنگ کرتے ہیں، ہمیں ایک حقیقی ہٹر کی ضرورت ہے۔،،
بابراعظم نے کہا کہ عامر جمال کو مزید کچھ وقت اور مزید میچز کھیلنے کی ضرورت ہے جس سے ان کی ٹی 20 کرکٹ کے لیے صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔