news
English

دلبر حسین نے پی ایس ایل کے ذریعے قومی ٹیم میں شمولیت کوہدف بنالیا

لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے سامنے آنے والے دلبر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے گذشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا

دلبر حسین نے پی ایس ایل کے ذریعے قومی ٹیم میں شمولیت کوہدف بنالیا فوٹو: آئی سی سی

لاہور: فاسٹ بولر دلبر حسین نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں عمدہ پرفارمنس کے ذریعے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کوہدف بنالیا۔

لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے سامنے آنے والے دلبر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے گذشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا،فائنل کھیلنے کے بعد اس بار زیادہ مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو میں دلبرحسین نے کہاکہ قلندرز ٹیم میں لیگ اسپنر راشد خان کی شمولیت خوش آئند ہے،میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ پی ایس ایل اور آسٹریلوی بگ بیش لیگ میں پرفارم کرنے کا موقع ملے گا، اس تجربے کو بروئے کار لاکر اب اگلی منزل پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے، اورپی ایس ایل ہی واحد پلیٹ فارم ہے جس میں پرفارمنس سے یہ خواب پورا ہوسکتا ہے۔

دلبر کے مطابق ڈی ویلیئرز کو آؤٹ کرنا اب تک کا یادگار ترین لمحہ ہے، یوں تو بولر کے لیے ہر وکٹ ہی بہت اہم ہوتی ہے لیکن خواہش ہے کہ اس وقت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے بہترین اسٹروکس پلیئر بابر اعظم کو بھی اپنی بولنگ کا نشانہ بناؤں۔