news
English

ورلڈ کلاس پاکستانی ٹیم کو آسان نہ سمجھیں، کرس لین نے آسٹریلیا کو خبردار کردیا

یہ بات انہوں نے سڈنی میں ہونے والے میچ میں پاکستان سے ہارنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی

ورلڈ کلاس پاکستانی ٹیم کو آسان نہ سمجھیں، کرس لین نے آسٹریلیا کو خبردار کردیا تصویر: کرکٹ آسٹریلیا

آسٹریلیا کے دھواں دھار بلے باز کرس لین کا ماننا ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا سے زیادہ مشکل حریف ثابت ہوسکتی ہے-

یہ بات انہوں نے سڈنی میں ہونے والے میچ میں پاکستان سے ہارنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، آسٹریلوی بلے باز کرس لین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ورلڈ کلاس ٹیم ہے جس کے پاس 150 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کرانے والے بالر اور بہترین بلے باز موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی 20 کرکٹ میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہے۔

   آسٹریلوی بلے باز کرس لین نے آسٹریلیا کو خبردار کیا کہ ورلڈ کلاس پاکستانی ٹیم کو آسان نہ سمجھیں کیونکہ آنے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں پاکستانی ٹیم سری لنکا سے زیادہ مشکل حریف ثابت ہوسکتی ہے۔

کرس لین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم اور شاداب خان جیسے شاندار بالر موجود ہیں جو ہمارے بلے بازوں کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

جمعرات کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو 135 رنز کا ہدف دیا جسے پاکستان نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 13 گیند پہلے ہی حاصل کرلیا۔

صحافیوں سے بات چیت کے دروان کرس لین نے آسٹریلیا کے علیل کھلاڑی گلین میکس ویل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں میکس ویل کی بیماری کا سن کر بہت پریشانی ہوئی کیونکہ جب ٹیم کا ایک کھلاڑی ٹیم سے باہر جاتا ہے تو پوری ٹیم پر اس کا اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میکس ویل آسٹریلوی ٹیم کا فخر ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ پوری طرح صحت یاب ہو کر کرکٹ کی دنیا میں واپس آئیں گے۔ آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکس ویل آج کل اپنی دماغی بیماری کے باعث کرکٹ کی دنیا سے دور ہیں اور اپنے ڈاکٹر کے مشورے پر آرام کر رہے ہیں۔       

پاکستان اور آسٹریلیا کے دوران تین نومبر سے تین میچوں کی ٹی 20 سیریز شروع ہورہی ہے۔ جبکہ دونوں ٹیموں کے دوران دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی جائے گی-