news
English

پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ڈرافٹ شیڈول کا اعلان

شیڈول کے مطابق لاہور سات، راولپنڈی پانچ اور کراچی تین میچوں کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ڈرافٹ شیڈول کا اعلان

پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول آئی سی سی کو بھیج دیا۔  کراچی میں مجموعی طور پر 3 میچز ہوں گے جبکہ لاہور سات اور راولپنڈی پانچ میچوں کی میزبانی کرے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ( پی  سی بی) نے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول حتمی منظوری کیلئے آئی سی سی کو  بھیج دیا۔  
آئی سی سی کو بھیجے گئے شیڈول  کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے میچز 19 فروری سے 9 مارچ  تک کراچی،لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے، بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گی، ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 7 میچ لاہور میں ہوں گے۔ 
 
پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا، کراچی میں مجموعی طور پر 3 میچز ہوں گے، راولپنڈی  ایک سیمی فائنل سمیت  5 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں 15میچز کھیلے جائیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی جگہ جدید کارپوریٹ باکسز بنائے جائیں گے، پوری بلڈنگ کو نہیں گرایا جائے گا کیونکہ ڈریسنگ روم حال ہی میں بنائے گئے ہیں اس لیے وہ اپنی جگہ موجود رہیں گے، فضل محمود اور عمران خان انکلوژر میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی اور موجودہ انکلوژر کے پیچھے سے انکلوژر کو مزید اونچا کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ لاہور، کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم میں نئی ڈیجیٹل اسکرینز نصب کی جائیں گی، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی بلڈنگ کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا اور اسکور بورڈ کے ساتھ یونیورسٹی اینڈ پر نیا میڈیا سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔