news
English

یو اے ای: کرکٹ بورڈ نے عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی

یو اے ای کے کرکٹر عثمان خان ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے کاکول میں جاری قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کا حصہ ہیں۔

یو اے ای: کرکٹ بورڈ نے عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی

یو اے ای کرکٹ بورڈکے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عثمان خان نے ای سی بی سے غلط بیانی کی اور سہولیات کا فائدہ اٹھایا، وہ یو اے ای سے کھیلنے کے پابند تھے لیکن اب وہ ایسا نہیں کر رہے جس کے باعث اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔  
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یواےای) کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ پاکستان کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 20244 کے پلیئنگ اسکواڈ کا حصہ بننے کے خواہاں بلے باز عثمان خان کو اماراتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔ عثمان خان کوپاکستان سپر لیگ 9 میں ملتان سلطانز کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے مدعو کیا گیاتھا، جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی اور اب کاکول ملٹری اکیڈمی میں جاری قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں شامل ہیں۔ 
اس تمام صورتحال میں امارات کے کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگا کر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔ یو اے ای کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عثمان خان نے غلط بیانی کی اور اماراتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی سہولیات کا فائدہ اٹھایا۔ 
عثمان خان اماراتی کرکٹ ٹیم کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی کرنے کے پابند تھے، ای سی بی نے عثمان خان کو سالانہ کنٹریکٹ بھی دیا تھا جبکہ حال ہی میں ہونے والے آئی ایل ٹی 20 میں وہ امارات کے لوکل پلیئر کے طور پر بھی کھیلے تھے، پھر بھی انہوں نے اپنے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ اسی وجہ سے عثمان خان متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ کی زیر نگرانی کسی بھی ٹورنامنٹ میں 5 سال تک شرکت نہیں کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اماراتی کرکٹ بورڈ نے عثمان خان کو باقاعدہ نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی تھی، جس کے بعد اب ان پر پابندی کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔