تفصیلات کے مطابق نئے پی سی بی میں کئی عہدیداروں کا انتخاب پہلے اور اشتہار بعد میں جاری کرنے کی روایت بن چکی ہے
پی سی بی نے ’’پہلے تقرر بعد میں اشتہار‘‘ کی ایک اور مثال قائم کردی پی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیو کی پوسٹ پر شعیب نوید کا چپکے سے تقرر ہو گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے سی او او 30 دسمبر کو نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے، اشتہار دینا رسمی کارروائی بن گیا، اس سے قبل وسیم خان، سمیع الحسن برنی، مصباح الحق، جنید ضیا اور مشتاق احمدکی تقرری سے قبل بھی میڈیا نے ’’راز‘‘ سے پردہ اٹھا دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نئے پی سی بی میں کئی عہدیداروں کا انتخاب پہلے اور اشتہار بعد میں جاری کرنے کی روایت بن چکی ہے، وسیم خان کو اسی انداز میں منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کے بعد رسمی کارروائی پوری کی گئی، ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کا فیصلہ بھی پہلے ہی ہوچکا تھا، جنید ضیا کو جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ مقرر کرنے کے بعد 5 دسمبر کو پریس ریلیز جاری کردی گئی تھی، رواں ماہ مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ بنانے کے ایک ہفتے بعد یاسر شاہ کے حوالے سے پریس ریلیز میں انکشاف کیا گیا کہ ان کو یہ ذمہ داری سونپی چاچکی ہے۔
مصباح الحق کے بارے میں بھی بچہ بچہ جانتا تھا کہ وہی ہیڈ کوچ بنیں گے، اس سے اشتہار دینے کے عمل کی شفافیت پر سوال اٹھنے لگے ہیں، تقرریوں کے علاوہ دیگر معاملات میں بورڈ کی جانب سے ہر سرگرمی کی پریس ریلیز گروپس اور ای میلز پر تسلسل کے ساتھ جاری کی جاتی ہیں۔
اس کی ایک نئی مثال منگل کو سامنے آئی، پی سی بی کی ویب سائٹ پر اطلاع دی گئی کہ شعیب نوید کو پی ایس ایل کا پروجیکٹ ایگزیکٹو مقرر کردیا گیا اور وہ 30 دسمبر کو چارج سنبھالیں گے، مختصر تعارف کراتے ہوئے بتایا گیاکہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ سی او او کی حیثیت سے وابستہ تھے، 2014 سے 2016 کے دوران پی ایس ایل کے پروجیکٹ منیجر کے طور پر بھی کام کرچکے، انھوں نے یونیورسٹی آف جارج ٹاؤن سے اسپورٹس انڈسٹری میں ماسٹرز کیا ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے پروجیکٹ ایگزیکٹیو کی اسامی کیلیے اشتہار اکتوبر میں جاری کیا، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 11نومبر تھی، انتخاب پہلے کرنے کے بعد اب ویب سائیٹ پر پریس ریلیز جاری کرکے ’’اخلاقی تقاضہ‘‘ پورا کردیا گیا۔