news
English

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دیدی

جنوبی افریقا کے 193 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 186 رنز بنا سکی

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دیدی

کیپ ٹاﺅن: پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک – صفر کی برتری حاصل کرلی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے 193 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم جیت کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی، گرین کیپس کے کپتان شعیب ملک کے 49 بھی ٹیم کے کام نہ آئے۔

اوپنر فخر زمان کے صرف 4 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور حسین طلعت ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا اور 81 رنز کی شراکت داری قائم کی، حسین طلعت 40 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم 38 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد آصف علی 13 اور عماد وسیم 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔
118 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد کپتان شیعب ملک اور فہیم اشرف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم فہیم اشرف 144 کے مجموعے پر ساتھ چھوڑ گئے، 2 رنز کے اضافے کے ساتھ محمد رضوان رن آؤٹ ہوئے،حسن علی 11 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ شاداب خان 7 اور شاہین شنواری صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے شمسی، ہینڈرکس اور مورس نے 2،2 جب کہ پھلکوایو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز کی جانب سے اوپنر ہینڈرکس اور کلوایت نے 26 رنز کا آغاز فراہم کیا، کلوایت 13 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ پر کپتان ڈوپلیسی اور ہینڈرکس نے 131 رنز کی شراکت داری قائم کرکے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی،ڈوپلیسی 78 اور  ہینڈرکس 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ وین ڈر ڈوسن صفر ، ڈیوڈ ملر 10 اور  مورس ایک رن پر پویلین  لوٹے، کلاسن اور پھلوکوایو 5،5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سےعثمان شنواری نے 3 وکٹیں حاصل کیں، عماد وسیم، حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ کے لیے قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی، فخرزمان، بابراعظم،طلعت حسین، محمد رضوان،شعیب ملک،آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف،حسن علی اور شاہین شنواری۔