news
English

ورلڈکپ کے دوران بھی ’’مفت ٹورز‘‘ بند رہیں گے

ورلڈکپ میں بھی پی سی بی نے آفیشلز کو انگلینڈ کا ’’تفریحی دورہ‘‘ نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے

ورلڈکپ کے دوران بھی ’’مفت ٹورز‘‘ بند رہیں گے تصویر: پی سی بی

کراچی: ورلڈکپ کے دوران بھی ’’مفت دورے‘‘ بند رہیں گے۔

ورلڈکپ میں بھی پی سی بی نے آفیشلز کو انگلینڈ کا ’’تفریحی دورہ‘‘ نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، گورننگ بورڈ کے کئی ارکان بغاوت کر چکے تاہم اس سے قبل ہی ان پر واضح کر دیا گیا تھا کہ انھیں میچز دیکھنے کیلیے نہیں بھیجا جائے گا، اس سے قبل سابقہ انتظامیہ نے ورلڈکپ 2015میں سابقہ گورننگ بورڈ کے کئی ارکان کو اہلیہ کے ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سیر کا موقع دیا تھا،انھیں بزنس کلاس کے ٹکٹ اور الاؤنس کی مد میں لاکھوں روپے دیے گئے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ممبر نے دورے سے معذرت کر لی تھی مگر ان کے فضائی ٹکٹ اور الاؤنس کے نام پر رقم بورڈ کے اکاؤنٹ سے نکلوائی گئی جو آڈٹ رپورٹ میں بھی شامل تھی۔ حالانکہ انھوں نے ایک پیسہ بھی نہیں لیا تھا، اس سے قبل نئی انتظامیہ نے پی ایس ایل فور میں بھی کسی گورننگ بورڈ ممبر کو نہیں بھیجا۔

میڈیا کے کسی فرد کو بھی بورڈ انگلینڈ نہیں بھیج رہا، چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان جولائی میں آئی سی سی میٹنگ کیلیے لندن جائیں گے تو وہاں چند میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق گوکہ انگلینڈ جانے کی خواہش رکھتے ہیں مگر بورڈ نے فی الحال کسی سلیکٹر کو بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا، ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی بھی نئی مثال قائم کرتے ہوئے خود برطانیہ نہیں گئے بلکہ میڈیا منیجر رضا راشد کو ٹیم کے ساتھ بھیجا۔

میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ایک آفیشل عماد حمید کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انھیں آئی سی سی کیلیے خدمات انجام دینے کیلیے بھیجا جائے گا۔