ملٹری ٹریننگ کیمپ میں پہلے روز25 پلیئرز شریک،بابراعظم، نسیم شاہ، افتخار احمد اور محمد عامر آج جوائن کریں گے۔
کاکول اکیڈمی میں قومی کرکٹ ٹیم کے فٹنس کیمپ کیلئے 25 کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی جبکہ چار پاکستانی کھلاڑی فٹنس کیمپ کے پہلے دن کی ٹریننگ سے محروم رہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم، نسیم شاہ، محمدعامراورافتخاراحمد کی بدھ کے روز کیمپ میں شمولیت متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کو سپرفٹ بنانے کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے جب کہ کاکول اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کے پہلے روز 25 کرکٹرز شریک ہوئے۔
پاکستانی ٹیم کو رواں سال نیوزی لینڈ، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ سیریز کھیلنےکے بعد امریکااور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بھی شرکت کرنی ہے، بعد ازاں دورہ آسٹریلیا سمیت کئی بڑے ایونٹس شیڈول ہیں،ان سخت چیلنجز کی تیاری کے لیے کرکٹرزکوسپرفٹ بنانے کی مہم شروع کردی گئی ہے، اسی سلسلے میں ٹریننگ کیمپ کا کاکول ملٹری اکیڈمی ایبٹ آباد میں گذشتہ روز آغاز ہوگیا، مجموعی طور پر 29کرکٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے، عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن کی طرف عازم سفربابر اعظم، نسیم شاہ اورافتخار احمد پہلے روز ٹریننگ کیلیے موجود نہیں تھے، تاہم امید ہے کہ یہ کھلاڑی بدھ کے روز دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرلیں گے، فاسٹ بولرمحمدعامربھی گذشتہ رات اکیڈمی پہنچ گئے تھے۔
پی سی بی کے میڈیکل کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کے ساتھ فزیو کلف ڈیکن بھی ٹریننگ کی نگرانی کررہے ہیں، پاک فوج کے ٹرینرز کھلاڑیوں کو فٹنس بہتر بنانے کے لیے مشقیں کروارہے ہیں۔
واضھ رہے کہ دوہفتے کی تربیت پرمشتمل کیمپ میں کرکٹ کی کوئی سرگرمی نہیں ہوگی۔ یہ فٹنس کیمپ 8اپریل تک جاری رہے گا جس کے بعد عید کی تعطیلات ہوں گی اور تمام کھلاڑی گھروں کو لوٹیں گے۔
ٹریننگ کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد کیویز کے ساتھ ہوم سیریز کے لیے پلیئنگ اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا، ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی جنھیں ورلڈکپ پلان کا حصہ سمجھا جا رہا ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، پہلا ٹی 20میچ 18 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلاجائے گا، جہاں مزید 2میچز کے بعد آخری دونوں مقابلے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔