news
English

ٹی 20ورلڈکپ 2024: گرینڈ پریری اسٹیڈیم کو طوفان سے نقصان

شدید موسم نے اسٹیڈیم میں تباہی مچا دی، ری پلے اور میچ سے متعلق گرافکس دکھانے کے لیے نصب دیو ہیکل اسکرین کو تباہ کر دیا۔

ٹی  20ورلڈکپ 2024: گرینڈ پریری اسٹیڈیم کو طوفان سے نقصان

امریکا کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں خراب موسم اور طوفان نے ناقص انفرا اسٹرکچر کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ جبکہ گرینڈ پریری اسٹیڈیم کو طوفان سے شدید نقصان پہنچا۔  شدید موسم نے اسٹیڈیم میں تباہی مچا دی، ری پلے اور میچ سے متعلق گرافکس کے لیے نصب دیو ہیکل اسکرین کو تباہ کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق منگل کےروز ڈیلاس میں میزبان امریکا اور بنگلہ دیش کا میچ طوفان کے باعث منسوخ کردیا گیا جبکہ طوفان کے باعث میدان میں نصب بڑی اسکرین کو بھی خاصا نقصان پہنچا۔ 
مقامی محکمہ موسمیات نے اپنی پیشگوئی میں خبردار کیا ہے کہ ڈیلاس کے طوفان کا رخ مشرقی ساحل کی طرف ہوسکتا ہے، موسمی حالات ممکنہ طور پر شمالی کیرولینا اور میری لینڈ کے درمیان شہروں کو متاثر کرسکتے ہیں، نیو یارک اور فلوریڈا کے درمیان واقع یہ علاقہ اس لیے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ورلڈ کپ کے متعدد میچز انہی گراؤنڈزمیں شیڈول ہیں، جس میں 9 جون کو پاک بھارت مقابلہ بھی شامل ہے۔ 
شدید موسمی حالات کے باوجود ٹیکساس مزید دو وارم اپ میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں نیدرلینڈز بمقابلہ کینیڈا اور نیپال بمقابلہ امریکا شامل ہے۔ 
واضح رہے کہ میگا ایونٹ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا باقاعدہ آغاز یکم جون سے ہوگا، امریکا کے تین میدان ایونٹ کے میچز کی میزبانی کریں گے ان میں آئزن ہاور پارک (نیویارک)، لاڈرہل (فلوریڈا) اورگرینڈ پریری اسٹیڈیم (ٹیکساس) شامل ہیں۔