news
English

سرفراز کی ٹویٹ؛ حفیظ نے مینجمنٹ وبورڈ سے شکایت لگا دی

تمام کھلاڑیوں کوسوشل میڈیا پالیسی پر سختی سے عمل کا کہا جائے گا

سرفراز کی ٹویٹ؛ حفیظ نے مینجمنٹ وبورڈ سے شکایت لگا دی فوٹو: اے ایف پی

محمد حفیظ نے ٹیم مینجمنٹ اوربورڈ سے سرفراز کی شکایت لگا دی، ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کیلیے عام سی تعریفی ٹویٹ کو غلط رنگ دیا گیا۔

سوشل میڈیا پرلفظی جنگ کے بعد محمد حفیظ نے پی سی بی سے سرفراز احمد کے رویے کی شکایت کردی ہے،ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر اپنی ٹویٹ پر سابق کپتان کے ردعمل سے حیران رہ گئے، گوکہ سرفراز احمد نے براہ راست تو یہ جملہ نہیں کہا لیکن ان کی ایک بات سے تاثر سامنے آیا جیسے وہ حفیظ کو منفی سوچ سے بچنے کا مشورہ دے رہے ہیں، اس پر چراغ پا آل راؤنڈر نے ٹیم مینجمنٹ کے ارکان سے رابطہ کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، ان کا موقف تھا کہ صرف محمد رضوان کی تعریف کرنے پر نجانے کیوں سرفراز ناراض ہو گئے۔

حفیظ نے پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ سے بھی سرفراز کی شکایت کر دی،کچھ دیر تو انھوں نے صبر کیا مگر پھر کسی کا نام لیے بغیر ایک اور ٹویٹ میں ’’سطحی ذہنیت‘‘ والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ حفیظ کا پی سی بی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہے، البتہ سرفراز احمد سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹر ہیں، بورڈ کسی کیخلاف فی الحال کوئی ایکشن لینے کا ارادہ نہیں رکھتا ، البتہ تمام زیرمعاہدہ کرکٹرز کو ایک بار پھر سوشل میڈیا پالیسی پر عمل درآمد کی یاد دہانی کرائی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ محمد حفیظ اور سرفراز احمد کے تعلقات کبھی مثالی نہیں رہے،آل راؤنڈر سابق کپتان کو اکثر اپنے انٹرویوز میں نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں، سرفراز نے کافی عرصے برداشت کیا مگر اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو ڈھکے چھپے الفاظ میں جوابی وار کر دیا، گذشتہ روز یہ معاملہ سوشل میڈیا پر چھایا رہا۔