ٹیم کی خامیوں کو دور کرنے پر آمادگی کے باوجود حفیظ نے انکشاف کیا کہ انہیں ایسا نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں حالیہ دورہ آسٹریلیا میں ٹیم کی ناکامی کی وجوہات سامنے لانے سے روک دیا گیاتھا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں حالیہ دورہ آسٹریلیا میں ناکامی کی وجوہات کو سامنے لانے سے روک دیا گیا تھا اور اس بارے میں کوئی بات نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ جب بھی موقع ملا تو وجوہات ضرور سامنے لاؤں گا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ناکامی کی پہلی ذمے داری میں خود لیتا ہوں، ہم آسٹریلیا میں آج تک نہیں جیتے مگر ایک دن ایسا ضرور آئے گا جب ہم آسٹریلیا کی سر زمین پر کینگروز سے جیتیں گے۔
سابق ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا انتخاب سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونا چاہیے، نئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نگراں دور حکومت میں آئے، وہ منتخب ہیں تو ان کو پورا وقت ضرور دینا چاہیے۔
سابق ٹیم ڈائریکٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھیلوں میں سفارشی کلچر نہیں ہونا چاہیے، نوجوانوں سے کہتا ہوں سفارش کے بغیر بھی آپ اوپر آ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دسمبر، جنوری میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا جہاں کینگروز کی سر زمین پر گرین شرٹس کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت اٹھانا پڑی تھی جب کہ نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس صرف ایک میچ جیت کروائٹ واش سے بچی تھی تاہم سیریز کیویز نے چار ایک سے اپنے نام کی تھی۔