news
English

حارث رؤف کی ’’پوزیٹیو‘‘رپورٹ،بورڈ کا رویہ ’’نیگیٹیو‘‘

ذرائع کے مطابق حارث رؤف کورونا وائرس سے چھٹکارے کے بعد دستیاب ہوگئے تو محمد موسیٰ کو انگلینڈ سے واپس بھیج دیا جائے گا

حارث رؤف کی ’’پوزیٹیو‘‘رپورٹ،بورڈ کا رویہ ’’نیگیٹیو‘‘ فوٹو: پی سی بی

لاہور: حارث رؤف کی ’’پوزیٹیو‘‘ کورونا رپورٹ پر بورڈ کا رویہ ’’نیگیٹیو‘‘ ہو گیا جب کہ پیسر کو ہوٹل کے محفوظ ماحول سے نکال کر کار پر لاہور سے اسلام آباد بھیج دیا۔

دورہ انگلینڈ کیلیے منتخب کرکٹرز میں سے 10کا نتیجہ مثبت آیا تھا، ان میں حارث رؤف بھی شامل تھے،اسکواڈ 28جون کو انگلینڈ روانہ ہوگیا، پاکستان میں رہ جانے والے کھلاڑیوں کی27جون کو ٹیسٹنگ ہوئی تو محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخرزمان، شاداب خان، محمد رضوان اور محمد حسنین کلیئرہوگئے،3دن بعد دوسری بار بھی یہی نتیجہ رہنے پر انھیں بھی رخصتی کا پروانہ جاری ہوگیا۔

اگلے مرحلے میں حیدر علی، عمران خان سینئر اور کاشف بھٹی کلیئر ہوکر 8 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوگئے لیکن حارث رؤف کی رپورٹ ایک بار پھر مثبت آگئی،ان کو لاہور کے ایک ہوٹل میں بائیو سیکیور ماحول میں رکھا گیا تھا۔

گذشتہ ہفتے اطلاعات تھیں کہ حارث رؤف کا ایک ٹیسٹ نیگیٹیو آگیا اور دوسرے کا انتظار ہے، اب ذرائع نے بتایا کہ پیسر کی رپورٹ مثبت آگئی، تسلی کیلیے ایک بار پھر ٹیسٹ کرایا گیا لیکن نتیجہ تبدیل نہ ہوا،اس صورتحال میں حیران کن طور پر پی سی بی نے کرکٹر کو اپنی نگرانی میں رکھنے کے بجائے قرنطینہ کیلیے گھر بھیج دیا،وہ کار میں لاہور سے اسلام آباد گئے،10 روز بعد دوبارہ ٹیسٹ لیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق حارث رؤف کورونا وائرس سے چھٹکارے کے بعد دستیاب ہوگئے تو محمد موسیٰ کو انگلینڈ سے واپس بھیج دیا جائے گا،دوسری جانب شعیب ملک کے اسکواڈ کو جوائن کرنے سے قبل روحیل نذیربھی وطن واپس آ جائیں گے،2 وکٹ کیپرز سرفراز احمد اور محمد رضوان پہلے ہی موجود ہیں، سینئر آل راؤنڈر کو فیملی مصروفیات کی وجہ سے چھوٹ دی گئی تھی،ان کی انگلینڈ آمد 24جولائی کو ہوگی۔