news
English

غلطی تسلیم کرنے پرحارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیاگیا

پی ایس ایل کو فروغ دینے کے ساتھ ہم تو ملک میں ویمن لیگ بھی کرانا چاہتے ہیں، چیئرمین پی سی بی

غلطی تسلیم کرنے پرحارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیاگیا

چیئرمین پی سی بی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا ہے۔ حارث رؤف کی انجری کا علاج انشورنس کی رقم سے ہوگا، حارث رؤف ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں ان کی فکر ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاہے کہ حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا گیاہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ حارث رؤف کی انجری کا علاج انشورنس کی رقم سے ہوگا، حارث رؤف ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں ان کی فکر ہے، کرکٹ بورڈ کا پیسہ کھلاڑیوں پر خرچ ہوگا،کسی کے لیے کوئی چھوٹ نہیں این او سی کے حوالے سے، میں کسی کی سفارش قبول نہیں کروں گا۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کوئی بینک نہیں کہ اس میں منافع کمانا ہے، اس کا کام ہے کہ جو بھی منافع ہو وہ کرکٹ اور اس کی بہتری پر لگے گا، اگر پیسے ہیں تو کرکٹ کے مسائل حل ہونے چاہئیں اور اچھے کوچز کو آنا چاہیے، کپتان کے اوپر کام کر رہے ہیں، ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، کرکٹ میں پیرا شوٹرز کی گنجائش کم سے کم ہوگی، پیسہ ضرور لگے گا اور کرکٹ پر لگے گا، میں چیئرمین کی طاقت کا استعمال کروں گا اور پی سی بی کی بہتری کے لیے کام کروں گا، ہماری ٹیم کے پاس اور نہ میرے پاس کوئی جادو کا چراغ ہے، ٹیم کی کارکردگی بہتر ہونے میں تھوڑا وقت لگتا ہے اگر چیزیں طویل مدت میں ٹھیک ہوں گی تو ہی 90 کی دہائی والی ٹیم واپس آئے گی۔ 
چیئرمین پی سی بی کا کہناتھا کہ کوچز کے لیے ایک پینل بنایاجائے گا جو پاکستان ٹیم اور کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے، سلیکشن کمیٹی ہی کپتان اورکوچز کا فیصلہ کرے گی، انہی لوگوں نے ساتھ میں مل کر کام کرنا ہے، کچھ اچھا برا ہوگا تو اسی ٹیم کو کریڈٹ جائے گا، میں کرکٹ کا ماہرنہیں ہوں ،میرے ساتھ بیٹھے لوگ ماہر ہیں یہ دیکھیں گے سب، میں ان ماہرین کا مقابلہ نہیں کرسکتا، یہ کام کریں گے اور بہترین نتائج دیں گے۔ 
کپتان کو سلیکشن ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کپتان جب بن جاتا ہے تو اس کو آپ کہتے ہیں کہ تم نے جیتنا ہے، اگر اس کی کوئی رائے نہیں ہوگی اور اس کو آپ ٹیم دے دیتے ہیں تو یہ اس کے ساتھ زیادتی ہوگی، اس کی رائے ہونا انتہائی ضروری ہے، ایسا کیسے ہوسکتا کہ اس کی رائے نہ ہو بس اس سے مشاورت کرلی جائے، کپتان کے حوالے سے ابھی مجھے نہیں پتہ کہ کیا فیصلہ ہوگا،کیمپ ختم ہونے پر یہ فیصلہ ہوجائے گا، ہم جو فیصلہ کریں گے اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پی ایس ایل کی بات جہاں تک رہی ہم تو ملک میں ویمن لیگ بھی کرانا چاہتے ہیں۔