حارث رئوف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے لگی۔
آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے دوران میلبرن اسٹارز کے فاسٹ بولر حارث رؤف بغیر ہیلمٹ، گلووز اور پیڈز پہننے گراؤنڈ میں بیٹنگ کیلئے پہنچ گئے۔
بگ بیش لیگ کے 13ویں ایڈیشن میں یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سڈنی تھنڈرز کے خلاف میلبرن اسٹارز نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لیے تھے تاہم ایک اوور میں اسٹارز کی یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے باعث گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے حارث رؤف کو بالکل بھی تیار ہونے کا موقع نہ ملا اور وہ ٹائم آؤٹ سے بچنے کیلئے بغیر پیڈ پہنے، گلووز اور ہیلمٹ ہاتھ میں لیے وکٹ پر پہنچ گئے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر جب بیٹنگ کیلئے آئے تو خوش قسمتی سے نان اسٹرائیکر اینڈ پر پہنچے اور یہ اننگز کی آخری گیند تھی جس کی وجہ سے انہیں اگلی گیند کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
حارث رؤف کی بغیر پیڈ پہنے بیٹنگ کے لیے گراؤنڈ میں آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے۔
دوسری جانب بگ بیش لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا پیچ کی جانب سے بھی یہ دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جبکہ میلبرن اسٹارز کی جانب سے حارث رؤف کی بغیر پیڈ پہنے گراؤنڈ میں کھڑے ہونے کی تصویر شیئر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران پہلی بار بنگلہ دیش نے سری لنکن بیٹر انجیلو میتھوز کیخلاف ٹائم آؤٹ کی اپیل کی تھی جس پر انہیں امپائرز نے آؤٹ قرار دیا تھا، وہ کسی بھی فارمیٹ میں ٹائم آئوٹ کا شکار ہونے والے پہلے کرکٹر بنے تھے۔