news
English

ورلڈ کپ میں شرکت، حارث نے نیا ہدف طے کرلیا

آسٹریلیا سے وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ پر میرا فوکس ہے

ورلڈ کپ میں شرکت، حارث نے نیا ہدف طے کرلیا تصویر: بی بی ایل

آسٹریلوی بگ بیش میں اپنی پرفارمنس کا جادو جگاکرقومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے والے حارث رؤف نے اپنا اگلا ٹارگٹ بھی بتادیا،ان کا کہنا ہے کہ میرا ہدف یہی ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹوئنٹی20 سیریز میں گرین شرٹس کو جتواؤں اور ورلڈ کپ تک اپنی ٹیم میں سلیکشن کوبرقرار رکھوں۔

آسٹریلیا سے وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ پر میرا فوکس ہے، کوشش ہے کہ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کا حصہ بن کر بہترین کارکردگی دکھاؤں، انھوںنے کہا کہ لیگ کھیلنے اور ملک کیلیے ایکشن میں دکھائی دینے کے الگ، الگ جذبات ہوتے ہیں،خوش ہوں کہ قومی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب رہا ہوں، اب میری کوشش ہو گی کہ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں اپنی طرف سے بیسٹ پرفارمنس کا مظاہرہ کروں۔

ایک سوال پر حارث رؤف نے کہا کہ بگ بیش میں میری ٹیم اگلے راؤنڈ تک کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی ہے، بنگال ٹائیگرزکیخلاف سیریزکے میچزکھیلنے کے بعد دوبارہ بگ بیش میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کروں گا۔ ایک اور سوال پرانھوں نے کہا کہ میں بھی ٹرائلزکے ذریعے لاہور قلندرز کا حصہ بنا اور اپنی کارکردگی سے بگ بیش کے بعد قومی ٹیم کا بھی حصہ بننے میں کامیاب رہا ، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ بھی ٹرائلز کے ذریعے ترقی کی منازل طے کریں۔

حارث رؤف نے کہا کہ اپنے پرستاروں کو یہی کہوں گا کہ جس طرح انھوں نے لاہور قلندرز کی ٹیم کو سپورٹ کیا، اسی طرح سپورٹ کرنے کا سلسلہ آگے بھی جاری رکھیں۔