پاکستان اوربنگلادیش کی جانب سے رواں ماہ شیڈول ٹور کے حوالے سے اپنے موقف پر سختی سے جم جانے کی وجہ سے سیریز خدشات کی زد میں ہے
پاک بنگلادیش کرکٹ محاذ پر جمی برف پگھلنے کا امکان پیدا ہوگیا۔
پاکستان اوربنگلادیش کی جانب سے رواں ماہ شیڈول ٹور کے حوالے سے اپنے موقف پر سختی سے جم جانے کی وجہ سے سیریز خدشات کی زد میں ہے،ایسے میں احسان مانی کے بنگلہ دیش جانے کا پروگرام سامنے آ گیا تاہم وہ بطور چیئرمین پی سی بی نہیں بلکہ آئی سی سی کمرشل اور فنانس ہیڈ کے طور پر آرہے ہیں۔ اس ٹور میں ان کے ساتھ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی بھی ہوں گے۔
اگرچہ یہ ٹور مکمل طور پر آئی سی سی معاملات پر ہوگا مگر سائیڈ لائن میں احسانی مانی کی بی سی بی حکام سے ملاقاتوں میں کرکٹ محاذ پر جمی برف بھی پگھل سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی حکام کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے 17 جنوری کو شیڈول فائنل کیلیے مدعو کیا تھا،ابھی یہ بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی کہ ساہنی اور مانی پر مشتمل 2 رکنی ٹیم میچ دیکھنے جائے گی یا ان کی کسی اور دن آمد طے ہے۔
بی سی بی آفیشل نظام الدین نے میڈیا کو بتایاکہ یہ وفد آئی سی سی کے 2033 کے بعد شیڈول ایونٹس پر بات چیت کی غرض سے آ رہا ہے،اس کا مقصد کمرشل رائٹس کیلیے ٹینڈر جاری کرنے کی کارروائی کا آغاز ہے، یہ کونسل کی جانب سے معمول کا ایک دورہ ہے۔
یاد رہے کہ ساہنی کو گذشتہ برس اپریل میں ڈیو رچرڈسن کی جگہ آئی سی سی کا چیف ایگزیکٹیو مقرر کیا گیا تھا، ان کا تعلق بھارت سے ہی ہے۔