news
English

دورہ سری لنکا کے لئے منتخب ہونے پرحسن علی اور عامرجمال خوش

سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز، تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔

دورہ سری لنکا کے لئے منتخب ہونے پرحسن علی اور عامرجمال خوش

پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے سری لنکا کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں اپنی سلیکشن پر خوشی کے اظہار کے ساتھ ٹوئٹر پر شکریہ کا پیغام جاری کیا ہے۔

ہفتے کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دورہ سری لنکا کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا جس میں حسن علی اور عامر جمال سمیت سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا جب کہ شاہین آفریدی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

قومی اسکواڈ میں  بابراعظم ( کپتان ) محمد رضوان ( نائب کپتان اور وکٹ کیپر )، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔ جس پر حسن علی نے ٹیم میں نام آنے پر اپنے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

قومی کرکٹر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا 'پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں واپسی پر بے حد خوش ہوں'۔

حسن علی نے کہا کہ 'میں اپنی طرف سے سو فیصد پرفارمنس دینے کا منتظر ہوں اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-2023 کی کیمپین کا آغاز نئے مقاصد کے ساتھ کرنے کے لیے تیار ہوں'۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔

خیال رہے کہ حسن علی ان دنوں انگلینڈ میں ہونے والی کاؤنٹی چیمپئن شپ وائٹلٹی بلاسٹ میں ٹیم واروک شائر کی نمائندگی کررہے ہیں، حسن علی کی کاؤنٹی چیمپئن شپ میں اب تک کارکردگی نمایاں رہی ہے، حال ہی میں انہوں نے ناٹنگھم شائر کے خلاف 5 وکٹیں لیں اور بلے بازی میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب عامر جمال نے بھی ٹویٹر پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا، جب انہیں پاکستان کے لیے پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے کال موصول ہوئی۔

عامرجمال نے ٹوئٹر پر لکھا کہ "میں ہمیشہ سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا۔ یہ ہمیشہ ایک خواب تھا اور اسے سچ کرنے کے لیے مسلسل محنت، لگن، توجہ اور یقین کی ضرورت ہے۔،،