فرنچائزز سے مشاورت کے بعد ہی آئندہ برس مکمل پی ایس ایل ملک میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ، احسان مانی
حبیب بینک لمیٹڈ کے زیر اہتمام ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کا انعقاد کھٹائی میں پڑگیا کیونکہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل 5 کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیون کا کہنا ہے کہ اتنے لمبے عرصے تک پاکستان میں رہنا ان کے لئے ممکن نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض پی ایس ایل فرنچائزز نے اگلے ایونٹ کے تمام میچزپاکستان میں ہی کرانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے،کئی غیرملکی کرکٹرز زیادہ دنوں کیلیے یہاں آنے سے انکار کر چکے، اسی لیے آدھے میچز یو اے ای منتقل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
اس حوالے سے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں نے تمام فرنچائزز سے بات کرنے کے بعد ہی وزیر اعظم عمران خان سے پوری لیگ پاکستان میں کرانے کی اجازت لی تھی،اب تک کسی نے مجھ سے اپنے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، پیرکولاہور میں ہماری ایک میٹنگ ہو رہی ہے وہاں اس حوالے سے بھی بات کریں گے، ابھی ہمارا میچز کی منتقلی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے فیس ادا کیے بغیر پی ایس ایل فور میں شرکت کے سوال پر احسان مانی نے کہا کہ فرنچائز سے معاہدہ ہر لحاظ سے دیکھ بھال کرکیا گیا، کسی سے کوئی خصوصی سلوک نہیں ہورہا، ملتان شرائط پر عمل کر رہا ہے، انھوں نے اس حوالے سے مزید تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ کنٹریکٹ کی شرائط و دیگر باتیں منظر عام پر نہیں لائی جا سکتیں۔