news
English

این بشپ کا ورلڈ کپ میں پاکستان کی روایتی اوپننگ جوڑی کو بدلنے کا مشورہ

این بشپ نے ان کھلاڑیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ انہیں پاکستان کےٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔

این بشپ کا ورلڈ کپ میں پاکستان کی روایتی اوپننگ جوڑی کو بدلنے کا مشورہ

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر این بشپ نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے بابر اعظم اور رضوان کی جوڑی توڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے پاکستان کےاسکواڈ میں اہم کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کو پلیئنگ الیون کا حصہ ہونا چاہیے، اگر ابھی ایسا نہ ہوا تو مستقبل میں ہوگا، محمد حارث بھی ایک اچھا آپشن تھے مگر انہیں زیر غور ہی نہیں لایا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق این بشپ نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی توڑنے کا مشورہ دے دیا۔ ٹیم میجنمنٹ کی جانب سے صائم ایوب کو 15 اننگز میں صرف 229 رنز کی مایوس کن پرفارمنس کی وجہ سے اوپنر کے طور پر ہٹا دیا گیا تھا جس کی وجہ سے انتظامیہ نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ چار میچوں کی ٹی20 سیریز میں بابر اور رضوان کو ہی اوپنر رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 
پاکستانی ٹیم سیریز بھی 0-2 سے ہار گئی اور بارش کی وجہ سے دو میچ ضائع ہوگئے۔
ایک انٹرویو میں سابق ویسٹ انڈین ٹیسٹ کرکٹر این بشپ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے ورلڈکپ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی روایتی اوپننگ جوڑی ہی آزمائی جائے گی مگر میرے خیال میں ایسا نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کو ان لگے بندھے اصولوں کو توڑنے کی ضرورت ہے، اگر بابر اور رضوان کو اننگز کے آغاز کے لیے آنا ہے تو انہیں اپنا گیئر تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی۔،، 
انھوں نے کہا کہ صائم ایوب کو پلیئنگ الیون کا حصہ ہونا چاہیے،اگر ابھی ایسا نہ ہوا تو مستقبل میں ہوگا، محمد حارث بھی ایک اچھا آپشن تھے مگر انہیں زیر غور ہی نہیں لایا گیا۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو ٹیکساس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں پہلی مرتبہ میزبان امریکہ کے خلاف کھیلے گا۔ گرین شرٹس کا اگلا میچ 9 جون کو نیویارک میں بھارت کے خلاف شیڈول ہے جب کہ اس کے بعد وہ بالترتیب 11 جون اور 16 جون کو کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلیں گے۔