news
English

افتخار احمد نے آسٹریلیا میں بلے بازی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

اس سے پہلے چھٹے نمبر پر زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے آرون فنچ کے پاس تھا

افتخار احمد نے آسٹریلیا میں بلے بازی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا فوٹو: اے ایف پی

تفصیلات کے مطابق یہ کارنامہ مڈل آرڈر بیٹسمین نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کینبرا میں ہونے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں انجام دیا۔ چھٹے نمبر پر کھیلنے والے افتخار احمد نے 34 گیندوں پر 62 رنز اسکور کیے جس میں ان کے 5 چوکے اور 3 چھکے بھی شامل تھے۔

اس سے پہلے چھٹے نمبر پر کھیل کر زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے آرون فنچ کے پاس تھا جنہوں نے 2011 میں میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے 33 گیندوں پر 53 رنز بنائے تھے۔

میچ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے افتخار احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ قطعی آسان نہیں تھی اس لیے وہ ہر گیند کو دیکھ بھال کر کھیل رہے تھے۔  اس دوران جہاں انہیں موقع ملا انہوں نے تیز شاٹ کھیلا اور اس طرح رنز میں اضافہ ہوتا رہا۔ افتخار احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیم کی توقعات اور میچ کی ضرورت کے مطابق کھیل پیش کیا اور آئندہ بھی ان کی کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کے لیے اچھا اسکور کریں۔

پاکستان اور آسٹریلی اکے درمیان کینبرا میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔