news
English

عماد وسیم کو بابر اعظم کی مکمل سپورٹ ملنے کا یقین

ایک سوال پر آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل کیلیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں

عماد وسیم کو بابر اعظم کی مکمل سپورٹ ملنے کا یقین تصویر: فائل

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو پی ایس ایل میں بابر اعظم کی مکمل ملنے سپورٹ کا یقین ہے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائیٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ کراچی کنگز کی قیادت کرتے ہوئے میرے اور بابر اعظم میں کوئی مسائل نہیں ہوں گے، وہ پاکستان اور میں فرنچائز ٹیم کا قائد ہوں،پاکستان کیلیے کھیلتے ہوئے ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے مجھے ان کی مشاورت اور مدد حاصل ہوگی،باہمی تعلقات کا اچھا ہونا ضروری ہے،ہم کبھی نہیں سوچتے کہ وہ کپتان ہیں یا میں،ایک ٹیم کے طور پر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال پر آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل کیلیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، ٹریننگ کے ساتھ پریکٹس میچز کا بھی موقع مل رہا ہے،کھلاڑی فارم میں نظر آرہے ہیں، بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بیٹسمین اور محمد عامر بہترین بولر ہیں، دیکھنا یہ ہوگا کہ میچ کے روز ٹیم کیسا پرفارم کرتی ہے،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جارحانہ کرکٹ کے سوا کوئی حکمت عملی نہیں ہوتی۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ سیزن میں بدقسمتی سے فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب نہیں رہے تھے،اس بار ٹیم اور جذبہ مختلف ہے،ڈرافٹ میں بڑے غوروفکر سے باصلاحیت بیٹسمینوں اور بولرز کا انتخاب کیا، ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا موقع ملے گا،ہمیں کراچی والوں کی محبت کا جواب عمدہ کارکردگی سے دینا ہے،ان کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے محنت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ایک سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کرکٹ میں نام کمایا اور اس کے اسراررموز کو سمجھتے ہیں،ان سے بہتر رہنمائی کوئی نہیں کرسکتا،ہمیں ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے،نیا کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کے مزاج کو سمجھ چکا اور جارحانہ کرکٹ کی سوچ رکھتا ہے۔