news
English

راولپنڈی ٹیسٹ؛ بنگلادیش پہلی اننگز میں 233 رنز پر آؤٹ

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مشتمل پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے جیت کر پہلے بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی

راولپنڈی ٹیسٹ؛ بنگلادیش پہلی اننگز میں 233 رنز پر آؤٹ تصویر: اے ایف پی

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلادیش کو پہلی اننگز میں 233 رنز پر آؤٹ کردیا۔ 

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مشتمل پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے جیت کر پہلے بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

تمیم اقبال اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا جو زیادہ اچھا نہیں رہا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں سیف کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا جب کہ اگلے ہی اوور میں تمیم اقبال بھی صرف 3 رنز پر محمد عباس کا شکار بن گئے۔

بنگلادیشی کپتان مومن الحق بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور پہلے ہی سیشن میں شاہین آفریدی کے ہاتھوں 30 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، نجم الحسین کی کوششیں بھی 44 رنز تک محدود رہی۔ محمد اللہ بھی 25 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

محمد متھن بنگلادیش کی جانب سے نصف سنچری اسکور کرنے والے واحد بلے باز بنے، وہ 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، لٹن داس 33 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4، محمد عباس اور حارث سہیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے اور یوں ڈومیسٹک کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیے جانے والے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو ایک بار پھر نظرانداز کردیا گیا۔

قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض اظہر علی سرانجام دے رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

بنگلادیشی ٹیم کی قیادت مومن الحق کررہے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین، محمد متھن، محمد اللہ، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو جاوید اور عباد حسین شامل ہیں۔