news
English

عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی   

عماد وسیم کی قومی ٹیم کی واپسی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان ہی حائل تھا۔

عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی   

قومی کرکٹر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی۔ 
عماد وسیم کا مؤقف ہے کہ پاکستان کے لیے حاضرہوں، ریٹائرمنٹ کے وقت بھی یہی کہا تھا کہ پاکستان کو جب بھی ضرورت ہوگی، کھیلنے کے لیے تیار ملوں گا۔ 
عماد وسیم کی قومی ٹیم کی واپسی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان ہی حائل تھا۔ اب ان کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایاجائے گا۔  
پچپن ایک روزہ اور پیسنٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عماد وسیم نے قومی ٹیم کے لیے مسلسل نظرانداز کیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ برس نومبرمیں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتےہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ اب اپنی تمام ترتوجہ غیرملکی لیگز کھیلنے پر دیں گے۔ 
پی ایس ایل نائن میں بہترین کھیل پیش کرنے پر بورڈ حکام کی خواہش تھی کہ ان کو دوبارہ سے قومی ٹیم کا حصہ بنالیا جائَے، تاہم ان کی واپسی سے پہلے ضروری تھا کہ وہ از خود ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کریں۔ 
اس سلسلے میں گزشتہ روز ان کی پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیراورچیف سلیکٹروہاب ریاض سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ بورڈ حکام کا موقف ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ایک تجربہ کار آل راونڈر کی ضرورت ہے اورعمادوسیم اس کمی کو پوراکرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ چودہ اپریل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کےدورے پر آرہی ہے جہاں وہ تین میچز راولپنڈی میں اور دومیچز قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گی، اس سیریز کی تیاریوں کے پہلےمرحلےمیں قومی ٹیم کا فٹنس کیمپ چھبیس اپریل سے کاکول اکیڈمی میں شیڈول کیاگیاہے۔ 
عماد وسیم نے پی سی بی حکام سےملاقات میں اس بات کی گارنٹی لی تھی کہ انہیں ورلڈکپ اسکواڈکا بھی حصہ بنایاجائے گا۔ نیوزی لینڈ سیریز کے بعد ٹیم پاکستان کو انگلینڈ اور آئرلینڈ سے کھیلننے جانا ہے جہاں سے وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے امریکہ روانہ ہوگی، امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا آغاز یکم جون سے ہورہاہے،پاکستانی ٹیم نے پہلا میچ چھ جون کو امریکہ کے ساتھ کھیلنا ہے جبکہ نو جون کو نیویارک میں پاکستان اوربھارت کا میچ رکھاگیاہے۔