قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کا ولیمہ بھی 26 نومبر کو طے ہے۔
قومی کرکٹر امام الحق کے بعد آل راؤنڈر فہیم اشرف کو بھی شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں ٹریننگ سیشن میں حصہ نہ لینے کی اجازت مل گئی۔
دورہ آسٹریلیا کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں اوپنر امام الحق اور آل راؤنڈر فہیم اشرف قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم دونوں کرکٹرز کو شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں تربیتی سیشن میں حصہ نہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
امام الحق شادی کی تقریبات کا باضابطہ طور پر آغاز 23 نومبر کو (کل) ہونے والی قوالی نائٹ سے ہوگا، بعدازاں نکاح کی تقریب 25 نومبر کو ہوگی جبکہ ولیمہ 26 نومبر کو طے ہے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ولیمے کا استقبالیہ بھی 26 نومبر کو پنجاب کے علاقے پھول نگر میں دوپہر کے اوقات میں طے ہے۔ گرین شرٹس کے سابق کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور شاداب خان کے علاوہ کئی کرکٹرز کی فہیم اشرف کے ولیمے میں شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کا اسکواڈ 30 نومبر کو ملک سے روانہ ہوگا جبکہ دونوں کرکٹرز روانگی سے قبل اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔