news
English

ٹی 20 ورلڈ کپ: سپر 8 مرحلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو میدان بدرکردیا

بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کرٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کرلی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: سپر 8 مرحلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو میدان بدرکردیا

ٹی 20 ورلڈ کپ کے 47ویں میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو باآسانی 50 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کی بؤلنگ کی قیادت جسپریت بھمراہ نے 2/13 اور ارشدیپ سنگھ نے 2/30 کے ساتھ کی، جب کہ کلدیپ یادیو 3/19 کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اینٹیگا میں کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔ 
کپتان نجم الحسن شانتو نے اگرچہ 40 رنز کی اننگز کھیلی مگر یہ اننگز رائیگاں گئی جبکہ تنزید حسن 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
رشاد حسین نے 10 گیندوں پر 24 رنز بنائے، محمود اللہ 13 رنز پر ارشدیپ سنگھ کا نشانہ بنے، شکیب الحسن 11 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ 
لٹن داس 13 رنز پر ہاردک پانڈیا کا نشانہ بنے، توحید ہردوئے صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔  
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہاردک پانڈیا ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ 
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 
ہاردک پانڈیا نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور چار چوکے شامل تھے، ویرات کوہلی 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
رشبھ پنت 36 رنز بنا کر رشاد حسین کو وکٹ دے بیٹھے، کپتان روہت شرما 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سوریا کمار یادیو 6 رنزبناکر چلتے بنے۔ 
 
بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسین اور رشاد حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبک شکیب الحسن ایک وکٹ حاصل کرسکے۔  
بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنٹو نے ٹاس جیت کر روہت شرما الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ روہت شرما کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، کوشش ہوگی اچھا اسکور بنائیں، پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔،، 
نجم الحسن شانتو کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں۔،، 
سپر ایٹ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
واضح رہے کہ اس میچ میں فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم کے ورلڈکپ 2024 کے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی جبکہ گروپ مرحلے میں روایتی حریف پاکستان کو باآسانی میدان بدر کردیاتھا۔