news
English

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت نے امریکا کوہراکر سُپر8 میں رسائی حاصل کرلی

امریکا کی اس شکست سے پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں زندہ ہیں تاہم اس کے لئے امریکا کو اپنا اگلا میچ بھی ہارنا ہوگا جبکہ پاکستان کو آئرلینڈ کے ساتھ اپنا اگلا میچ لازمی جیتنا ہوگا۔ 

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت نے امریکا کوہراکر سُپر8 میں رسائی حاصل کرلی

آئی سی سی کے میگا ایونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 25 ویں میچ میں بھارت نے امریکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ 
نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے امریکا کی جانب سے دیاگیا 111 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔  
امریکا کی اس شکست سے پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں زندہ ہیں تاہم اس کے لئے امریکا کو اپنا اگلا میچ بھی ہارنا اور پاکستان کو آئرلینڈ کے ساتھ اپنا اگلا میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
 
دونوں ٹیمیں اپنا اپنا آخری میچ آئرلینڈ کیخلاف کھیلیں گی۔ امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ جمعے کےروز ہوگا جبکہ پاکستان اور آئر لینڈ کے درمیان میچ اتوار کےروز کھیلا جائے گا۔ 
بھارت کی اننگز: 
ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما صرف تین رنز بناکرآئوٹ ہوئے اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، جبکہ رشبھ پنت 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سوریا کمار یادیونے 50 رنز بنائے اور شیوم دوبے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت تک لے گئے۔ 
امریکا کی طرف سے سوربھ نیتراوالکر نے 2 اور علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
امریکا کی اننگز: 
امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔ نتیش کمار 27، اسٹیون ٹیلر 24، کورے اینڈرسن 15جبکہ ایرون جونز 11رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
ہرمیت سنگھ نے 10، جسدیپ سنگھ نے 2 اور اینڈریس غوث نے بھی 2 رنز بنائے جبکہ شایان جہانگیر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 اور اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو بھارت کے حق میں بہتر ثابت ہوا۔