بارش کے باعث ڈی ایل ایس سسٹم کے تحت بھارت کو آٹھ اوورز میں 78 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا تھا۔
بھارت نے اتوار کےروز کھیلےگئے دوسرے ٹی 20 میں ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے ذریعے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
جب بھارتی ٹیم نے 162 رنز کا تعاقب شروع کیا تو بارش نے صرف تین گیندوں کے بعد کھیل روک دیا۔ آخر کار بھارت کو آٹھ اوورز میں 78 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا۔
بھارتی ٹیم کو ابتدائی طور پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب سنجو سیمسن، مہیش تھیکشنا کی شاندار گیند پر گولڈن ڈک پر بولڈ ہو گئے۔ تاہم، یشسوی جیسوال اور سوریہ کمار یادو نے جارحانہ انداز میں جوابی حملہ کیا تاکہ ہندوستان کو راستے میں رکھا جاسکے۔
متھیشا پاتھیرانا نے سوریہ کمار کو 12 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ کر کے ان کی شراکت کو توڑ دیا، جب کہ جیسوال نے برق رفتاری سے 15 گیندوں پر 30 رنز جوڑے۔
ہاردیک پانڈیا نے پھر یقینی بنایا کہ بھارت کو مزید دھچکے کا سامنا نہ کرنا پڑے، وہ نو گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے پتھیرانا کو چوکا لگا کر جیت پر مہر ثبت کی۔
اس سے قبل سری لنکا نے مضبوط آغاز کے بعد کوشل پریرا کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت 161-9 پر کھیل ختم کیا۔ بھارتی گیند باز روی بشنوئی اور ہاردیک پانڈیا نے سری لنکا کی ابتدائی رفتار کو روکنے کے لیے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کرتے ہوئے کوشل مینڈس کو 10 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد جلد ہی اٹیک کیا۔ 32 رنز بنانے والے پاتھم نسانکا اور 53 رنز بنانے والے پریرا کے درمیان شراکت میں تیزی سے 54 رنز کا اضافہ ہوا۔ نسانکا کو بشنوئی نے ایل بی ڈبلیو کر دیا، لیکن پریرا نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور پانڈیا کی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ففٹی تک پہنچ گئے۔
اس کے بعد پانڈیا نے ایک اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں اور میچ کو دوبارہ ہندوستان کی طرف منتقل کردیا۔
سابق کپتان داسن شناکا کو بشنوئی نےصفر پر بولڈ کیا۔ بشنوئی نے وینندو ہسرنگا کو بھی چلتاکیا۔
سری لنکا 130-2 سے 140-6 پرآگیا، اکشر پٹیل نے آخری اوور میں دو وکٹیں لے کر آئی لینڈرزکو مزید محدود کردیا۔
سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل(منگل کو)پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، مہمان بھارتی ٹیم کو میزبان سری لنکن ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، بھارت نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آئی لینڈرز کو 43 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
بھارتی ٹیم ان دنوں سری لنکا میں ہے جہاں وہ اپنے دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے علاوہ 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کی سیریز بھی کھیلے گی۔
تینوں ٹی 20 میچزکے لئے بھارتی ٹیم کی قیادت سوریا کماریادیو کو سونپی گئی ہے جبکہ آئی لینڈرز کو چارتھ اسالنکا لیڈ کررہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے تینوں ٹی 20 میچز پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں،اس کے بعد بھارتی ٹیم 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے کولمبو پہنچے گی جس کا پہلا میچ 2 اگست کو آرپریماداسا اسٹیڈیم کولمبومیں ہوگا، دوسرا ون ڈے میچ 4 اگست کو جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 7 اگست کو کھیلاجائے گا۔
تینوں ون ڈے میچز میں بھارتی ٹیم کو روہت شرما لیڈ کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے تین ایک روزہ میچ آرپریماداسا اسٹیڈیم کولمبو میں ہی کھیلے جائیں گے۔