news
English

پی سی بی کا بھارتی پروڈکشن کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر غور

پی سی بی اور بھارتی براڈ کاسٹ کمپنی کے ساتھ پاکستان سپرلیگ 4 کے یو اے ای اور پاکستان میں شیڈول تمام میچز  دکھانے کا معاہدہ ہوا تھا

پی سی بی کا بھارتی پروڈکشن کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر غور PHOTO: PCB

پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی پروڈکشن کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔

پی سی بی اور بھارتی براڈ کاسٹ کمپنی کے ساتھ پاکستان سپرلیگ 4 کے یو اے ای اور پاکستان میں شیڈول تمام میچز  دکھانے کا معاہدہ ہوا تھا۔ بورڈ حکام نے بھارتی کمپنی کے راہ فرار کے بعد ہنگامی طور پر بدھ سے لیگ کے شارجہ سمیت دوسرے تمام مقامات پر ہونے والے میچز دکھانے کا بندوبست کرلیاہے۔

اس سلسلے میں دبئی میں ایک براڈ کاسٹ کمپنی سے معاملات  کافی حد تک طے کرکے لاجسٹک انتظامات کو یقینی بنانے پر پیش رفت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق  بورڈ حکام بھارتی کمپنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی شرائط کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس سلسلےمیں وکلا سے بات چیت کے بعد باقاعدہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ دوسری جانب نئی کمپنی کے ساتھ معاہدے میں یہ شرط خاص طور پر شامل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی کمپنی کی طرح دوران  لیگ کوئی عمل نہیں کرے گی جس سے لیگ کی ساکھ پر حرف آئے۔