news
English

استعفے نے انضمام الحق کا ڈیڑھ کروڑ کا نقصان کرا دیا

برطانوی کمپنی کے حوالے سے قائم شدہ بورڈ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی غیرفعال

استعفے نے انضمام الحق کا ڈیڑھ کروڑ کا نقصان کرا دیا

پی سی بی سے استعفے نے انضمام الحق کا ڈیڑھ کروڑ روپے کا نقصان کرا دیا جب کہ ازخود چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے پر پی سی بی کوئی ادائیگی نہیں کرے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے 25 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر پی سی بی کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کیا تھا، اس میں 6 ماہ کا نوٹس پیریڈ بھی شامل تھا، گزشتہ دنوں ان پر مفادات کے ٹکراؤ کا الزام سامنے آیا جس پر پی سی بی نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی،اس پر انضمام نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تحقیقات میں کلیئر ہونے پر واپس آ جائیں گے، مگر پھر میڈیا میں تیزوتند بیانات دیتے رہے جس پر بورڈ نے استعفی منظور کرنے کا اعلان کردیا۔ 
نمائندہ ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے استفسار پر پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ انضمام الحق نے چونکہ خود عہدہ چھوڑا لہذا ہم انھیں 6 ماہ کی تنخواہ ادا کرنے کے پابند نہیں، البتہ اگر انھیں برطرف کیا جاتا تو معاہدے کے تحت ڈیڑھ کروڑ روپے دینا پڑتے، اس سوال پر کہ اب فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا کیا بنے گا؟  
ذرائع نے بتایا کہ بظاہر اس کا خاتمہ ہو چکا ہے کیونکہ انضمام اب بورڈ کا حصہ ہی نہیں ہیں لہذا تحقیقات کا کیا فائدہ، البتہ حتمی فیصلہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی بھارت سے وطن واپسی کے بعد ہی ہوگا۔ 
یاد رہے کہ برطانوی کمپنی ’’یازو انٹرنیشنل‘‘ میں انضمام الحق اور کئی کھلاڑیوں کے ایجنٹ طلحہ رحمانی سمیت محمد رضوان کے بھی شیئرز ہیں۔ انضمام نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کمپنی کا شیئرہولڈر ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا بچوں کے سائیکلوں کے ہیلمٹ بنانے کا ارادہ تھا مگر اسے عملی جامہ نہیں پہنا سکے تھے۔