news
English

اسلام آبادیونائیٹڈ کے کپتان کا عمادوسیم کی شمولیت کے حوالے سے اہم انکشاف

جب تک ملکی کھلاڑی اچھا پرفارم نہ کریں ٹیم جدوجہد ہی کرتی ہے، کپتان۔

اسلام آبادیونائیٹڈ کے کپتان کا عمادوسیم کی شمولیت کے حوالے سے اہم انکشاف

اسلام آباد یونائیٹڈ میں عماد وسیم کی شمولیت نے کپتان شاداب خان کا حوصلہ بڑھا دیا۔ 
پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو میں شاداب خان نے کہا کہ عماد وسیم کی موجودگی میں ہمارا اسپن بولنگ کمبی نیشن اچھا بن جائے گا، بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہوگی، رومان رئیس امریکا سمیت مختلف ممالک میں کرکٹ کھیل رہے ہیں،ان کا تجربہ اور مہارت ہمارے لیے کار آمد ثابت ہوسکتی ہے۔ 
آل راؤنڈر نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرز سے امیدیں ضرور ہوتی ہیں مگر جب تک ملکی کھلاڑی اچھا پرفارم نہ کریں ٹیم جدوجہد کرے گی، الیکس ہیلز، کولن منرو، جارڈن کاکس کی موجودگی میں ہماری بیٹنگ لائن خاصی مضبوط ہے، ٹائمل ملز، اوبیڈ میکوئے اور میتھیو فورڈ بولنگ میں ہمارا کمبی نیشن بہتر بناتے ہیں۔  
انھوں نے کہا کہ اعظم خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے تسلسل کے ساتھ پرفارم کیا ہے، بعض اوقات لوگ اسکورز دیکھتے ہیں مگر کسی کا بیٹنگ آرڈر ایسا ہو کہ اسے کم گیندیں ملیں تو وہ اسی لحاظ سے کھیلے گا،اس اننگز کی ٹیم کے لیے افادیت دیکھنا پڑتی ہے، اس طرح کی اعظم نے کئی اننگز کھیلی ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ پرفارم کرتے رہیں گے۔ 
شاداب خان نے کہا کہ میں جب کبھی آؤٹ آف فارم ہوا تو ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کی بدولت کم بیک کیا،انجری کے بعد بولر کو صفر سے آغاز کرنا پڑتا ہے،اپنی صلاحیتیں منوانا پڑتی ہیں،یہی میری کوشش ہوگی، میں صحتیاب ہونے کے بعد سے اسی ایونٹ کا سوچ رہا تھا۔  
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہاکہ 2018میں ٹائٹل جیتنے کے بعد کافی وقفہ آگیا،ہم قریب پہنچتے رہے مگر فنش نہیں کرپائے،گذشتہ 2 سال میں جو کمی رہ گئی تھی وہ کاغذ پر تو پوری کرلی، امید ہے کہ میدان میں بھی کارکردگی نظر آئے گی، لیگ مرحلے میں ہمارا کھیل اچھا رہا مگر چیمپئن نہیں بن پائے، پریشر میچز کے نتائج سے یہی لگتا ہے کہ پرفارم نہیں کرپائے،ہم نے اپنی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی، اب اسکواڈ متوازن ہوگیا ہے۔ گزشتہ برس ایلمنیٹر میں پشاوزلمی سے شکست کے بارے میں انھوں نے کہا کہ میچ میں ہمارا غلبہ تھا مگر آخری5یا 6اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔