news
English

پی ایس ایل 9: نسیم شاہ کو کتنے کروڑ روپے ملیں گے؟  

سرد موسم اور دھند کے سبب میچز کے لاہور کی جگہ کراچی سے آغاز کی تجویز دی گئی ہے۔

پی ایس ایل 9: نسیم شاہ کو کتنے کروڑ روپے ملیں گے؟  

قومی ٹیم کے نوجوان پیسر نسیم شاہ کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساڑھے 4 کروڑ روپے میں اپنا بنایا ہے جب کہ پی ایس ایل 9 کے لیے پلیئرز کی ریٹینشن کا اعلان 7 دسمبر کو کیا جائے گا۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل نسیم شاہ کی فین فالوئنگ کو دیکھتے ہوئے کئی فرنچائزز ان سے معاہدے کی خواہاں تھیں البتہ اس میں کامیاب اسلام آباد یونائیٹڈ ہوئی۔ 
ذرائع نے بتایا کہ ان کا معاوضہ تقریبا ساڑھے چار کروڑ روپے ہوگا،پی ایس ایل کے لیے پلیئرز کی ریٹینشن کا اعلان 7 دسمبر کو کیا جائے گا، البتہ ابھی تک بجٹ اور سیلری کیپ کا ہی فیصلہ نہیں ہوسکا، فرنچائزز کیٹیگری کو مدنظر رکھتے ہوئے 8کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی۔  
گزشتہ برس کا سیلری کیپ 13 لاکھ ڈالر فی ٹیم تھا۔ پی ایس ایل کو درپیش ایک اور مسئلہ شیڈولنگ کا بھی ہے، پی سی بی نے پاکستان میں میچز کا فیصلہ کرتے ہوئے 2 شیڈول فرنچائزز کو ارسال کیے، ایک میں 4 جبکہ دوسرے میں 2 وینیوز شامل ہیں۔ 
پہلا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رکھا گیاہے جبکہ ایونٹ کا آغاز 18 فروری سے لاہور میں ہونا ہے۔ اس وقت وہاں سخت سرد موسم اور دھند کا راج ہوگا، اس لیے بعض حلقوں نے تجویز دی ہے کہ کراچی میں ایونٹ کو شروع کرتے ہوئے پھر پنجاب لایا جائے تب تک موسم بہتر ہو جائے گا، پشاور زلمی نے پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی ٹیم کے میچز ہوم وینیو پر کروائے جائیں، تاہم اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔