news
English

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک بار پھر کراچی کنگز کو ہرادیا

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 169 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک بار پھر کراچی کنگز کو ہرادیا PHOTO: PCB

پی ایس ایل کے 18 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو زیر کردیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 169 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا،یونائیٹڈ نے جارح مزاج  آصف علی کے 70 رنز کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت کنگز کے جبڑے سے فتح چھین لی، انہوں نے صرف 38 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں نصف درجن چھکے اور 5 دلکش چوکے شامل تھے۔

سالٹ نے 46 رنز بنا کر آصف علی کا بھرپور ساتھ دیا اور کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، رونکی 26، ڈیلپورٹ صفر،حسین طلعت ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان شاداب خان نے چھکا لگا کر کامیابی سمیٹی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عمر خان نے 2،عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ میں اسلام آباد کی کراچی کے خلاف دوسری فتح ہے،23 فروری کو کھیلے گئے میچ میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دی تھی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے کراچی کنگز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 168 رنز بنائے، اوپنر بابر اعظم نے سب سے زیادہ 68 اور لیونگسٹن نے 56 رنز بنائے، منرو 4، انگرم 13، ڈنک 12، عماد وسیم 2، عامر یامین 3 اور محمد عامر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے، افتخار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، فہیم اشرف، شاداب خان اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔